• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ اور مغربی دنیا نئے افغانستان کی حقیقت قبول کرلے، شاہ محمود

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ برطانیہ اور مغربی دنیا کو میرا پیغام ہے کہ افغانستان میں ایک نئی حقیقت ہے۔ نئی حقیقت کو قبول کریں اور ہمیں اپنے مقاصد کے حصول کے لئے کام کرنے دیں۔طالبان حکام کو الگ تھلگ کرنے سے ملک اور خطے میں معاشی تباہی، انارکی اور انتشار پھیلے گا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی برطانیہ کا دورہ کریں گے اور افغانستان سمیت دیگر امور پر برطانوی حکومت کے حکام سے بات چیت کریں گے۔ وزیر خارجہ 26سے 29ستمبر تک لندن میں ہوں گے۔ ایک سرکاری ذریعہ نے جیو اور جنگ کو بتایا کہ شاہ محمود قریشی اپنے دورے کے دوران برطانوی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے، جن میں افغانستان اور وسیع جنوبی ایشیائی علاقے سے نمٹنے کے ذمہ دار بھی شامل ہیں۔ وزیر خارجہ اپنے دورہ برطانیہ کے دوران ایک اہم دفاعی تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے اور برطانوی پاکستانی کمیونٹی رہنماؤں سے بھی بات چیت کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ ان کے دورہ برطانیہ کی تفصیلات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ برطانیہ اور دیگر ممالک کو افغانستان میں نئی ​​حقیقت کو قبول کرنا چاہئے اور طالبان کے زیر انتظام ملک کو امداد فراہم کرنی چاہئے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ طالبان حکام کو الگ تھلگ کرنے سے ملک اور خطے میں معاشی تباہی، انارکی اور انتشار پھیلے گا۔ شاہ محمود قریشی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ برطانیہ اور اس کے مغربی اتحادی طالبان حکام کے ساتھ بات چیت کرنے یا بڑھتے ہوئے انسانی بحران سے بچنے کے لئے خاطر خواہ کام نہیں کر رہے۔ قریشی نے کہا کہ میرا پیغام(برطانیہ کو) یہ ہے کہ افغانستان میں ایک نئی حقیقت ہے۔ نئی حقیقت کو قبول کریں اور ہمیں اپنے مقاصد کے حصول کے لئے کام کرنے دیں۔

تازہ ترین