• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرس میں پاکستانی سفارتخانے کو پی ایم ڈی اے کیخلاف یادداشت پیش

پیرس (رضا چوہدری) فرانس میں مقیم پاکستانی صحافیوں نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قانون کیخلاف پیرس میں پاکستانی سفارتخانے کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور اس حوالے سے یادداشت پیش کی ۔ پاکستان جرنلسٹ فورم فرانس کا کہنا تھا کہ وطن عزیز میں میڈیا کی بدولت برسراقتدار حکومت کو میڈیا کی آزادی سلب کرنا زیب نہیں دیتا ، ہم دنیا کے کونے میں میڈیا اتھارٹی کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ پیرس میں مقیم پاکستانی نژاد صحافیوں یونس خان ، صاحبزادہ عتیق الرحمٰن ، ملک منیر احمد ، زاہد مصطفیٰ اعوان ، شاہ زیب سید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے نام سے نیا قانون آزادی صحافت پر حملہ ہے، یہ مجوزہ قانون آزادی اظہار رائے کو دبانے کے مترادف ہے، صحافت کوآمرانہ سوچ کےساتھ کنٹرول کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی جمہوری اقدار کے خلاف کالا قانون ہے۔ آزادی صحافت کے بغیر جمہوریت کا تصور ممکن نہیں ۔ اس لیے حکومت سنسرشپ اور غیر قانونی میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل جسے قانون سازی سے باز رہے، فرانس میں مقیم پاکستانی تمام صحافی کو اس نئے قانون کے حوالے سے تحفظات ہیں اور اگر ہمارے تحفظات کو دور نہیں کیا گیا تو اس حوالے سے ہم یورپ بھر میں احتجاج اور یورپین پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے۔ آج جو کچھ پاکستان میں صحافیوں کے ساتھ ہو رہا ہے وہ کبھی آمرانہ دور میں بھی نہیں ہوا ہے۔

تازہ ترین