شیخوپورہ، لاہور(نمائندہ جنگ، خصوصی رپورٹر)شیخوپورہ کے علاقہ مانانوالہ میں دکاندار نے 6سالہ بچی کو مبینہ اغوا اور زیادتی کے بعدگلا دباکر قتل کردیا، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جس کی نشاندہی پر لاش قریبی نہر سے مل گئی۔شیخوپورہ کے ہی علاقہ بھکھی میں ڈاکوئوں نے لڑکی کو دوران ڈکیتی والدین کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا فوری نوٹس لیکر آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد روڈ پر واقع آبادی قلعہ شبدیو میں سکول سے چھٹی کے بعد گھر آتے ہوئے نرسری کی طالبہ6سالہ ہادیہ اچانک لاپتہ ہوئی۔ بچی کے سکول سےگھر نہ آنے پر والد نے اغوا کا مقدمہ درج کرایا۔ پولیس کے مطابق ملزم رضا شاہ دکاندار ہے، بچی نے دکاندار سے کھانے کی چیز لی تھی جہاں سے لاپتہ ہوگئی۔ ملزم کو شک کی بنیاد پرگرفتار کیا تو اس نے اعتراف جرم کرلیا،ملزم کی نشاندہی پر بچی کی لاش لاپتہ ہونے کے چند گھنٹوں بعد چندر کوٹ میں نہرکےقریب سے مل گئی۔دوسرے واقعہ میں فیصل آباد روڈ پر تھانہ بھکھی کی آبادی نواب کوٹ کے مشمولہ ڈیرہ عبدالواحدمیں دوران ڈکیتی 3ڈاکوئوں نے عالمہ فاضلہ لڑکی(ش) سےوالدین کی آنکھوں سے سامنے اجتماعی زیادتی کی۔ مدعی مقدمہ لڑکی کے والد کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب 3ڈاکو گھر کی دیواریں پھلانگ کر داخل ہوئے اورصحن میں سوئی ہوئی اسکی بیوی اور بیٹی کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بناکر باپ سمیت ایک کمرے میں لے جاکر رسیوں سے باندھ دیا۔ تینوں ڈاکوئوں نے والدین کے سامنے( ش) کے ساتھ باری باری زیادتی کی اوراسکے کانوں سے 4طلائی ٹاپس ،پرس میں موجود 20ہزار روپے نقدی،قومی شناختی کارڈز اورمتاثرہ لڑکی کے تعلیمی سرٹیفکیٹس لیکر فرار ہوگئے۔زیادتی اور لوٹ مار کا یہ سلسلہ ڈیڑ ھ گھنٹہ جاری رہا۔ اطلاع پر ڈی پی او شیخوپورہ احسن سیف اللہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ اوبھکھی اور ان کی ٹیم کو شناخت کئے جانے والے تینوں ملزمان عمران،شہزادخان اورخرم شہزاد کو گرفتار کرنے کاحکم دیاجس پر پولیس نے تینوں ملزمان جو مقدمہ مدعی پارٹی نے شناخت کئے تھےان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کا میڈیکل کروایا جارہا ہے۔