کراچی (نیوز ڈیسک) جیو نیوز نے اپنی خصوصی ٹرانسمیشن ’کرکٹ کا مقدمہ‘ میں پاکستان کرکٹ کا مقدمہ عوام کے سامنے رکھ دیا ہے ، فیصلہ نیوزی لینڈ کا نقصان پاکستان کا ، آخر کیوں ؟ اس کے محرکات کیا تھے؟ پی سی بی کے سابق چیئرمینوں توقیر ضیاء ، خالد محمود اور سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر عاقب جاوید نے پروگرام میں گفتگو کی۔ جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیاء نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ اور ان کے کھلاڑیوں کو وہ ذمہ دار نہیں ٹھہرائیں گے جو کچھ بھی ہوا ہے حکومتی سطح پر ہواہے۔ کرکٹ کا مقدمہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ بہترین حل تو یہی ہے کہ ایک منی پی ایس ایل کرانا چاہئے جس میں فرنچائزز غیر ملکی کھلاڑیوں کو اسی گراؤنڈ میں کھلائیں۔ پی سی بی کے ایک اور سابق چیئرمین خالد محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ہمیشہ سے امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جاتا ہے، سفارتی ذرائع سے نیوزی لینڈ حکومت سے دورہ منسوخ کرنے پر تفصیلات فوری مانگی جائیں۔