• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع راولپنڈی پورے ملک کیلئے ماڈل بنے گا‘ لیاقت بلوچ

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام حالیہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے حوالے سے ورکرز کنونشن منعقد کیا گیا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کنٹونمنٹ انتخابات میں کامیاب ہونے والے جماعت کے نومنتخب امیدواروں اور جماعت اسلامی کے تمام امیدواروں، سیاسی کمیٹی کے اراکین اور کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت اور حالات طے کر رہے ہیں کہ جماعت اسلامی کی حکمت عملی اور پالیسی درست سمت میں جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں اللہ نے افغانوں کو بڑی کامیابی دی اور نہتے افغانوں نے دنیا کی بڑی قوت کو مٹی چاٹنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں سید علی گیلانی کی المناک موت نے جہاں ایک طرف بھارتی سورماوں پر لرزہ طاری کیا وہیں کشمیریوں کے جذبہ حریت کو زندہ کر دیا ہے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کے جنرل سیکرٹری اقبال خان نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمٰن سواتی، امیر ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی، نائب امیر رضا احمد شاہ، ارشد فاروق‘ سیاسی کمیٹی کےٓ آرگنائزر ہارون الرشید، نومنتخب اراکین مرزا خالد محمود اور یاسر قریشی نے بھی خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ میں خالد محمود مرزا یاسر قریشی اور بالخصوص ہارون رشید کو کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعوت فہم القرآن اور انسانوں کی خدمت اللہ کی رضا کے لئے ہے اور ہم یہ سارے کام اس لئے کر رہے ہیں کہ قرآن وسنت کا نظام قائم ہوسکے۔ کنٹونمنٹ کے الیکشن میں امیدواروں نے جو کامیابی حاصل کی وہ کم نہیں ہے اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں بھی جیت آپ کی ہی ہوگی۔ حالیہ الیکشن میں جماعت اسلامی کا کم بیک کارکنوں کی کامیابی اور دوسری جماعتوں کے لئے مثال بنے گا۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی فوج، سول اسٹیبلشمنٹ اور پارلیمنٹ کو قانون کی بالادستی کے نیچے لانا چاہتی ہے، کراچی میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے کھڑے ہو کر ہر جماعت کو چیلنج کیا۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے پاس کارکنوں کی ایک بڑی موثر قوت موجود ہے اور ضلع راولپنڈی پورے ملک کے لئے ماڈل بنے گا۔ راولپنڈی کی کامیابی پنجاب کے بلدیاتی اور قومی و صوبائی انتخابات کی کامیابی کی بنیاد بنے گی۔ نومنتخب رکن مرزا خالد محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے ہر سیٹ پر اللہ کے کرم سے کامیابی حاصل کی ہماری کامیابی میں عوام کا اہم کردار رہا ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں کے علاوہ بھی دیگر جماعتوں کے ووٹرز نے ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے الخدمت فاؤنڈیشن کی توسط سے اپنے حلقے میں فلٹریشن پلانٹ لگائے اور لوگوں کی خدمت کی۔ آج ہمیں بڑے بڑے برج فون کر رہے ہیں کہ وائس چیئرمین کی نشست پر تعاون کریں۔ ہمارا فیصلہ جو بھی ہوگا وہ جماعت اسلامی کی قیادت کرے گی۔ ورکرز کنونشن میں امیر جماعت اسلامی ضلع سید عارف شیرازی، سابق ایم پی اے حنیف چوہدری، سید عزیر حامد، رضوان احمد اور دیگر رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔
تازہ ترین