کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے الہ دین پارک، پویلین اینڈ کلب اراضی کو اصل حالت میں بحال کرنے اور سندھ حکومت کو پارکس بحالی کے لیے فنڈز جاری کرنے کا بھی حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد پر مشتمل تین رکنی بینچ کے رو برو الہ دین پارک، پویلین اینڈ کلب اراضی کو اصل حالت میں بحال کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے پویلین اینڈ کلب کی جگہ پارک بنانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے الہ دین پارک اراضی میں بھی پارک بنانے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس نے کمشنر کراچی سے استفسار کیا کہ بتائیں الہ دین پارک کا کیا ہوا۔ کمشنر کراچی نے بتایا کہ الہ دین پارک کی بحالی پر کام جاری ہے۔ پویلین اینڈ کلب کو پارک بنانے کیلئے فنڈز درکار ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز ملنے پر کام شروع ہو جائے گا۔