• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریمارکس نہیں، سپریم کورٹ سندھ حکومت کیخلاف فیصلے کرے، ایم کیو ایم

کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن وسینیٹر فیصل سبزواری نے کہا کہ پاکستان میں تمام قومیتیں اپنا کلچر ڈے مناتی ہیں، ایم کیوایم 24 سے26ستمبر تک ایام ہجرت منائے گی جبکہ 2اکتوبر کو حیدرآباد میں شہری سندھ کے حقوق کیلئے ریلی کاانعقاد کیا جائے گا، ہم سپریم کورٹ سے درخواست کرتے ہیں کہ صرف ریمارکس سے مسائل حل نہیں ہونگے، معزز سپریم کورٹ سندھ حکومت کیخلاف ریمارکس نہیں فیصلے کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد پر اراکین رابطہ کمیٹی خالد سلطان، شکیل احمد، ارشاد ظفیر ،ابوبکر ،اسلم آفریدی ودیگر کے ساتھ پریس کانفرنس میں کیا۔ فیصل سبزواری نے مزید کہا کہ حیدرآباد اور شہری سندھ کے نوجوانوںکو نوکریوں سے محروم رکھا جارہا ہے، حیدرآباد کے اسپتالوںسے وینٹی لیٹر ز لاڑکانہ منتقل کردئیے جاتے ہیں، پچھلے چالیس سال سے سند ھ کی متعصب نسل پرست حکومت نے کراچی ، حیدرآباد اور شہری سندھ کا صحت کا نظام درست کیا نہ تعلیم کا، سڑکیں موہنجو داڑو کا منظر پیش کررہی ہیںاور یہاں تک کے کورونا ویکسین فائزر جو سندھ حکومت کے ہاتھ آئی ہے اس کو بھی عوام کو نہیں لگا رہی اب ویکسین ایکسپائر ہونے کے مراحل میں داخل ہورہی ہیں۔ سندھ کے صحت کا بجٹ کھربوں روپے کا ہے مگر اسپتال کھنڈرات میں تبدیل ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین