کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد شہر کی کئی سڑکیں زیر آب آگئیں، ناگن چورنگی پر شہری ٹائر ٹیوب میں بیٹھ کر سڑک پار کر رہے ہیں، شہری اپنی خراب ہونے والی بائیک کو ٹھیلے پر رکھ کر لے جاتے ہوئے بھی دیکھے گئے۔
تیز بارش کے بعد ناگن چورنگی کی سڑک بھی زیر آب آگئی، ٹریفک کی روانی معطل ہے۔
ضلع وسطی میں ناگن چورنگی کے فلائی اوور پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گزشتہ 3 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش کا ریکارڈ سامنے آگیا جس میں بتایا گیا ہے کہ شہر میں سب سے زیادہ بارش کہاں ہوئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 70 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ پی اے ایف فیصل بیس پر 36، گلشنِ معمار میں 3 اعشاریہ 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمۂ موسمیات نے مزید بتایاہے کہ قائد آباد میں 5 اعشاریہ 5، یونیورسٹی روڈ پر 5 اعشاریہ 2، ناظم آباد میں 18ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ جناح ٹرمینل پر 10 اور ایئر پورٹ اولڈ ایریا میں 14 اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔