• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 50 اموات


پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے، کورونا وائرس کے کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آنے لگی ہے، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ایک بار پھر 31 ویں نمبر پر آ گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 233 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 50 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 2 ہزار 789 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 23 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 27 ہزار 482 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 34 ہزار 828 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 60 ہزار 952 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 409 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 11 لاکھ 46 ہزار 394 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 52 ہزار 788 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 91 لاکھ 2 ہزار 117 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں اب تک کُل 7 کروڑ 61 لاکھ 41 ہزار 484 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 2 کروڑ 54 لاکھ 93 ہزار 964 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 53 ہزار 858 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 316 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 26 ہزار 639 مریض پورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 12 ہزار 514 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 72 ہزار 498 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 5 ہزار 480 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 4 ہزار 764 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 909 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 33 ہزار 955 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 734 مریض وفات پا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 32 ہزار 828 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 345 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 10 ہزار 286 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 184 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تازہ ترین