• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری افغانوں کی معاونت یقینی بنائے، شاہ محمود

اسلام آباد، نیویارک (خبرایجنسیاں) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،عالمی برادری افغانوں کی معاونت یقینی بنائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نےنیویارک میں جاری اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے76ویں اجلاس کے موقع پرفن لینڈ اور جاپانی ہم منصبوں سے ملاقا توں اور ریپبلکن سینیٹر سے ٹیلیفونک گفتگو میں کیا، ملاقاتوں میں باہمی تعلقات ، افغانستان کی صورتحال و دیگر عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر خارجہ اور سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے رینکنگ ممبر ریپبلکن سینیٹر جیمز رِش نے دونوں ممالک میں تعاون جاری رکھنے پراتفاق کیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں جاری اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے76ویں اجلاس کے موقع پر فن لینڈ کے اپنے ہم منصب، پیکا ہاویسٹو کیساتھ ملاقات کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا اجلاس جلد منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے فن لینڈ کے ساتھ سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے ، معاشی بندھن کو گہرا کرنے اور تعلیمی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے فن لینڈ کے وزیر خارجہ کو دورہ ء پاکستان کی دعوت دی ۔دوسری طرف وزیر خارجہ نے جاپان کے وزیر خارجہ توشی مِٹسو موتیجی سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات ، افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں نمو پاتے انسانی اور معاشی بحران کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ عالمی برادری افغانوں کی معاونت کو یقینی بنائے۔

تازہ ترین