امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ میری لڑائی اس نظام کے ساتھ ہے، ملک میں عدل و انصاف کے لیے ساری زندگی گزر جاتی ہے۔
گوجرانوالہ میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ یہاں پر غریب اور امیر کے لیے الگ الگ قانون ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں پر عدل اور انصاف کے حصول کے لیے لوگ دنیا سے چلے جاتے ہیں، دو نہیں ایک پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ تقسیم کی بات کرنے والا پاکستان کا دشمن ہے، تمام وسائل کے باوجود کسان کیوں بھوکا سوتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ یہاں ہر نعمت ہے، پھر بھی میرے ملک میں غربت ہے، جس ملک پر مافیا کا قبضہ ہو گا وہ ملک کس طرح ترقی کر سکتا ہے؟
امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ بھارت نہیں چاہتا کہ افغانستان میں امن قائم ہو، ہمیں افغانستان کو پاکستان کے مفادات کے تحت دیکھنا چاہیئے۔