• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیکل کالجز کے انٹری ٹیسٹ معاملے کو سنجیدہ لیا، گورنر بلوچستان

کوئٹہ (نمائندہ جنگ)گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ ہم نے روز اول سے صوبے بھر کے حالات واقعات پر کڑی نظر رکھی ہے، اس کے علاوہ عوامی مسائل اور معاملات کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کیلئے ضروری اقدامات بھی اٹھا رہے ہیں تاکہ فوری نوعیت کے عوامی مسئلے بروقت حل ہو جائیں ۔ اس ضمن میں میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کے امتحانات سے متعلق شکایات اور تحفظات کے معاملہ کو پہلے دن سے سنجیدہ لیا، میڈیکل اسٹوڈنٹس کے مختلف وفود سے گورنر ہاوس کوئٹہ میں ملاقاتیں کی ہیں اور طلباء و طالبات کی شکایات کے ازالہ کیلئے پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) اور صوبہ کے ذمہ داران سے بھی یہ معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کے امتحانات سے متعلق شکایات کے معاملہ کو سنجیدہ لینے اور متعلقہ حکام کو رسمی خطوط لکھنے کے بعد اس کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوئے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو نہ صرف ملک و قوم کے مستقبل کا سرمایہ سمجھتے ہیں بلکہ نوجوان ہمارے حال کے بھی شراکت دار ہیں۔ ہمارا اصل مقصد یہ ہے کہ عوام کے مسائل فوری طور پر حل ہوں اور شکایات کا ازالہ جلد ممکن ہو جائے۔ گورنر ظہور احمد آغا نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی محکمے اپنی ذمہ داریاں نبھانے سے عوامی مشکلات اور شکایات کا خاتمہ کر سکتے ہیں ، لہٰذا تمام سرکاری اداروں کے درمیان مربوط اور خوشگوار تعلقات کو برقرار رکھنا اشد ضروری ہے۔

تازہ ترین