• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) سڑکوں ریلوے اور پائپ لائنوں کا ایک نیٹ ورک ہے جو تقریبا 3000 کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ یہ شمال مغربی چین سنکیانگ کے علاقے کاشغر شہر سے ہمالیہ کی چوٹی تک پھیلا ہوا ہے جو نیچے بحیرہ عرب کی طرف خاص طور پر جنوبی پاکستان کے گوادر کی طرف جا ملتا ہے۔ 

یہ منصوبہ چینی مصنوعات کو مشرق وسطیٰ اور باقی دنیا کے لیے ایک ربط فراہم کرتا ہے۔ اس کے مغربی علاقے کی ترقی کے لیے چین کی حکمت عملی کو پاکستان سے جوڑتا ہے۔ اس پروجیکٹ کا مقصد پاکستان کی مرکز کے طور پر اہمیت کو اجاگر کرنا اور اس کی توجہ پاکستانی معیشت کو فروغ دینے پر ہے۔ اس میں گوادر پورٹ پر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، گوادر کے بڑے ہوائی اڈے کی تعمیر، توانائی میں تعاون اور سرمایہ کاری کے پروگرام بھی شامل ہیں۔

اسکے علاوہ اہم ترین منصوبہ 1300 کلومیٹر قراقرم ہائی وے کو اپ گریڈ کرنا بھی شامل ہے۔ جس کا وژن دنیا کی سب سے اونچی، مضبوط و پائیدار بین الاقوامی سڑک بنانا ہے جو چین اور پاکستان کو قراقرم کے پہاڑوں سے جوڑتا ہے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری سے نہ صرف چین اور پاکستان کو فائدہ پہنچے گا بلک ایران، افغانستان، وسطی ایشیائی ممالک سمیت خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ اس میں درج ذیل اہم شعبہ جات و پرگرامزشامل ہیں:

-1علاقائی رابطہ۔2۔انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ اور آئی ٹی سسٹم 3۔روڈ، ریل، پورٹ، ایئر اور ڈیٹا کمیونیکیشن چینلز4۔توانائی تعاون5۔تجارت 6۔امن اور خطے کی ترقی 7رابطیو ہم آہنگی 8.۔ تہذیبوں کا انضمام9.۔سرمایہ کاری کے مختلف مواقع 10.۔صنعتی تعاون11.۔مالی تعاون12.۔زرعی تعاون 13.۔سماجی و اقتصادی ترقی14۔غربت کا خاتمہ 15.۔ تعلیم 16.۔طبی علاج17.۔پانی کی فراہمی18.۔پیشہ ورانہ تربیت 19.۔ساحلی سیاحت سمیت سیاحت20.۔تعلیمی تعلق 21.۔ انسانی وسائل کی ترقی 22۔ لوگوںمیں باہمی رابطہ 23.۔ معاش کے مواقع میں اضافہ 24۔خطے کی سلامتی اوراستحکام۔

راہداری کے منصوبے 1950 کی دہائی کے ہیں اور 1959 میں شاہراہ قراقرم کی تعمیر کی گئی۔گوادر میں پاکستان کی گہرے پانی کی بندرگاہ میں چینی دلچسپی کی وجہ سے 2002ء میں چین نے گوادر بندرگاہ پر تعمیر شروع کی جو 2006میں مکمل ہوئی، بعد ازاں پاکستان میں سیاسی عدم استحکام اور ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کی وجہ سے گوادر بندرگاہ کی توسیع کا کام عارضی طور پر بند ہوگیا۔ 2013میں پاکستان اور چین نے باہمی رابطے مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے طویل مدتی منصوبے کے لیے تعاون سے متعلق مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔ 

 فروری 2014 ء میں پاکستانی صدر نے چین کا دورہ کیا جس میں پاکستان میں اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دو ماہ بعد پاکستان اور چین کے وزراء اعظم میں ملاقات ہوئی جس میں مزید منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا، جس کے نتیجے میں اس منصوبے کی مکمل تکمیل سے متعلق لائحہ عمل طے پایا۔ نومبر 2014ء میں چینی حکومت نے سی پیک کے لیے پاکستان میں 45.6 ارب ڈالر کے توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے چینی کمپنیوں کی مالی معاونت کرنے کے کا اعلان کیا۔

اپریل 2015 میں چینی رہنما شی جن پنگ نے پا کستان کے سرکاری دورے کے دوران ایک اداریہ میں لکھا: ''یہ میرا پاکستان کا پہلا دورہ ہے لیکن مجھے ایسا لگتا ہے جیسے میں اپنے بھائی کے گھر جا رہا ہوں'' 20 اپریل 2015 ء کو پاکستان اور چین نے کام شروع کرنے کے 46 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے جو پاکستان کی سالانہ جی ڈی پی کا تقریبا 20 فیصدتھا ، جس میں تقریبا 28 ارب ڈالر مالیت کے فاسٹ ٹریکڈ ''جلد تکمیل پانے والے '' منصوبے تھے جو 2018 کے آخر تک مکمل ہونے کے کیے تیار کیے گیے۔

گوادر پورٹ اور سٹی کے منصوبے

گوادر سی پیک منصوبے کی جڑ ہے، کیونکہ اس کا تصور چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے اوراکیسویں صدی کے میری ٹائم سلک روڈ منصوبے کے درمیان ربط ہے۔مجموعی طور پر دسمبر 2017 تک گوادر کی بندرگاہ کے ارد گرد ایک ارب ڈالر سے زائد کے منصوبوں کے لیے راہ ہموار کی گئی۔

گوادر بندرگاہ پر ابتدائی بنیادی ڈھانچے کا کام 2002 میں شروع ہوا۔ 2007 میں مکمل ہوا، تاہم گوادرکی بندرگاہ کو اپ گریڈ اور توسیع دینے کا منصوبہ تعطل کا شکار رہا۔ سی پیک معاہدے کے تحت گوادر پورٹ کی ابتدائی طور پر توسیع اور اپ گریڈ کیا گیا،تاکہ 70 ہزار تک ڈیڈ ویٹ ٹن کے ساتھ بڑے جہازوں کو ڈاک کرنے کی اجازت دی جا سکے۔

بہتری کے منصوبوں میں بندرگاہ کے ارد گرد 130 ملین ڈالر کے بریک واٹرکی تعمیر بھی شامل ہے، اس کے ساتھ ساتھ مائع قدرتی گیس کی سہولت بھی شامل ہے، جس میں روزانہ 500 ملین مکعب فٹ مائع قدرتی گیس کی گنجائش ہو۔ اسے ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے گوادر نوابشاہ سیگمنٹ سے منسلک کیا جائے گا۔

توسیع شدہ بندرگاہ گوادر میں 2282 ،ایکڑ پر مشتمل آزاد تجارتی علاقے کے قریب واقع ہے، جسے چین کے خصوصی اقتصادی زونزکی طرز پرڈیزائن کیا گیا ہے۔ نومبر 2015 میں 43 سالہ لیز پر مختص جگہ چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے حوالے کی گئی۔ اس سائٹ میں مینوفیکچرنگ زون، لاجسٹک حب، گودام اور ڈسپلے سینٹر شامل ہیں۔

زون میں واقع کاروبار کسٹم سمیت بہت سے صوبائی اور وفاقی ٹیکسوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔خصوصی اقتصادی زون میں قائم کاروبار 23 سال تک وفاقی ایکسائز ٹیکسوں سے مستثنیٰ رہے گا۔ چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی سے وابستہ ٹھیکیداروں اور سب کنٹریکٹرز کو 20 سال کے لیے ایسے ٹیکسوں سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا، جبکہ آلات، مواد، پلانٹ،مشینری، اور لوازمات کی درآمد کے لیے 40 سالہ ٹیکس چھوٹ دی جائے گی جو گوادر پورٹ اور خصوصی اقتصادی زون کی تعمیر کے لیے مخصوص ہیں۔

خصوصی اقتصادی زون تین مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ 2025کے لیے یہ اندازہ لگایاگیا ہے کہ مینوفیکچرنگ اور پروسیسنگ کی صنعتیں تیار کی جائیں گی جبکہ زون کی مزید توسیع کا مقصد 2030 تک مکمل ہوئی ہے۔

چین نے پاکستان کو گوادر میں نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ تعمیر کرنے کے لئے 230 ملین ڈالر مختص کیے ہیں۔ بلوچستان کی صوبائی حکومت نے 230ملین ڈالر کے نئے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے 4000 ،ایکڑ زمین مختص کی، ایک اندازے کے مطابق تعمیر کے لیے 30ماہ کا ٹائم فریم دیا گیا۔اخراجات چینی حکومت کی جانب سے دی جانے والی گرانٹ سے مکمل ہوں گے،ادائیگی پاکستان کے ذمہ نہیں ہے۔

گوادر شہر کو مزید ترقی 300 میگاواٹ کے کوئلے سے بجلی گھر، ڈیسالینائزیشن پلانٹ اور 300بستروں پر مشتمل ایک نئے اسپتال کی تعمیر سے ملے گی جو تکمیل کے مراحل میں ہے۔ گوادر شہر کے منصوبوں میں ایسٹ بے ایکسپریس وے کی تعمیر بھی شامل ہے جو 19 کلو میٹر کنٹرول ڈایکس روڈ ہے ، یہ گوادر پورٹ کو مکران کوسٹل ہائی وے سے جوڑے گی۔ ان اضافی منصوبوں پر 800 ملین ڈالر لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اس کے لیے ایگزم بینک آف چائنا کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی بلاسود قرضوں سے مالی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

مذکورہ بالا بنیادی ڈھانچے کے کاموں کے علاوہ حکومت پاکستان نے ستمبر 2015 میں گوادر میں پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے نام سے ایک تربیتی ادارہ قائم کرنے کا اعلان کیا ،جسے گوادر پورٹ اتھارٹی 943 ملین روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا۔ 2017تک مجموعی طور پر گوادر اور اس کے آس پاس چین کی جانب سے 9 پروجیکٹس کےلیے مالی معاونت کی گئی۔گوادر کی ترقی میں چینی حکومت کی گرانٹ کے تحت اسپتال کی تعمیر بھی شامل ہے۔ مجوزہ پروجیکٹ میں میڈیکل بلاکس،طبی آلات اور مشینری کی فراہمی سمیت نرسنگ اور پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، میڈیکل کالج، سینٹرل لیبارٹری اور دیگر متعلقہ سہولیات شامل ہیں۔

2020 میں حکومت نے گوادر میں سمندری پانی کی ڈی سیلینیشن پلانٹ کے لیے 320 ملین روپے کے فنڈز جاری کیے، جن کی گنجائش روزانہ پانچ ملین گیلن تھی۔ یہ فنڈز گوادر میں آپٹیکل فائبر نیٹ ورک کی توسیع میں بھی استعمال ہونے تھے۔علاوہ ازیں مچھلی کی لینڈنگ جیٹی کی تعمیر بھی اس میں شا مل ہے۔

سڑکوں /شاہراہوں کے منصوبے

سی پیک منصوبے میں پاکستان کے نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے میں بڑی اپ گریڈیشن اور اوور ہال کا تصور بڑی اہمیت کا حامل ہے، جس کے تحت چین نے اب تک 10.63 ارب ڈالر مالیت کے نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کے لئے مالی اعانت کا اعلان کیا ہے۔1.6 فیصد کی شرح سود پر ''جلد تکمیل پانے والے'' روڈ پروجیکٹوں کی تعمیر کے لئے 6.1 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ کارگو ٹرانسپورٹ کے لیے درج ذیل تین راہداریوں کی نشاندہی کی گئی ہے:

1۔ سندھ اور پنجاب کے زیادہ آبادی والے صوبوں کے ذریعے شاہرات کا مشرقی نیٹ ورک جہاں زیادہ تر صنعتیں واقع ہیں ۔

2۔ شاہرات کا مغربی نیٹ ورک،خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے کم ترقی یافتہ اور کم آبادی والے علاقوں کے ذریعے ۔

3۔ شاہرات کا مرکزی نیٹ ورک جو خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان سے گزرے گا۔

شاہراہ قراقرم

چین اور پاکستان پہلے ہی شاہراہ قراقرم کے راستے تجارت کرتے ہیں۔سی پیک منصوبوں میں نیشنل ہائی وے 35 (این-35) پر تعمیر نو اور اپ گریڈ یشن پر غور کیا گیا ہے جو شاہراہ قراقرم (کے کے ایچ) کا پاکستانی حصہ ہے،جو چین پاکستان سرحد اور حسن ابدال کے قریب برہان شہر کے درمیان 887 کلومیٹر طویل فاصلے پر پھیلا ہوا ہے۔ برہان میں موجودہ ایم ون موٹر وے شاہ مقصود انٹرچینج پر این 35 کو ٹچ کرےگی، وہاں سے اسلام آباد اور لاہور تک رسائی موجودہ ایم ون اور ایم ٹو موٹر ویز کے حصے کے طور پر جاری ہے۔ برہان مشرقی نیٹ ورک اور مغربی نیٹ ورک تک پھیلے گا۔.

شاہراہ قراقرم کے برہان اور رائے کوٹ کے درمیان 487 کلومیٹر طویل حصے میں اپ گریڈز کو پاکستان میں باضابطہ طور پر قراقرم ہائی وے فیز 2 پروجیکٹ کہا جاتا ہے۔ این 35 کے جنوبی سرے پر برہان اور حویلیان کے درمیان 59 کلومیٹر لمبی، 4 لین کنٹرول ڈ ایکسس ہائی وے کی تعمیر کے کام پہلے ہی جاری ہیں۔

شنکیاری کے شمال میں سڑک 354کلومیٹر اور چلاس کے قریب رائے کوٹ میں ختم ہونے والی سڑک 2 لین کی شاہراہ کے طور پر تعمیر کی جائے گی۔ شنکیاری اور تھاکوٹ کے درمیان پہلے حصے پر تعمیر اپریل 2016 میں مشترکہ طور پر شروع ہوئی جس میں مزید جنوب میں حویلیاں سے شنکیاری 4 لین ڈوئل کیرج وے کی تعمیر کی گئی۔ توقع ہے کہ ان دونوں حصوں کی تعمیر 42 ماہ میں مکمل ہو جائے گی،اس پر تقریبا 1.26 ارب ڈالر لاگت آئی اور 90 فیصد فنڈنگ چین کے ای گزم بینک سے کم شرح سود کے رعایتی قرضوں کی صورت میں آئے۔

شاہرات کا مشرقی نیٹ ورک

سی پیک کے مشرقی روڈ نیٹ ورک سے مراد سندھ اور صوبہ پنجاب میں سڑک کے منصوبے ہیں، جن میں سے کچھ کا تصور پہلی بار 1991 میں کیا گیا تھا۔ مشرقی روڈ کے تحت1152 کلومیٹر طویل موٹر وے پاکستان کے دو بڑے شہروں کراچی اور لاہور کو 6 لین کنٹرولڈ ایکسس ہائی وے سے جوڑرہی ہے، جو 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک سفر کی رفتار کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔ اس پورے منصوبے پر تقریبا 6.6 ارب ڈالرکی لاگت آئی ہے جس میں مالی اعانت کا بڑا حصہ چین کے مختلف سرکاری بینکوں کی جانب سے کیا گیاہے۔ پورے مشرقی سیدھ موٹروے منصوبے کودرج ذیل حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے:

1-کراچی اور حیدرآباد کے درمیان 136 کلومیٹر طویل سیکشن جسے M9 موٹروے بھی کہا جاتا ہے

2- حیدرآباد اور سکھر کے درمیان 345 کلومیٹر طویل سیکشن، سکھر کے درمیان 392 کلومیٹر طویل سیکشن

3- ملتان اور لاہور کے درمیان ایک 333 کلومیٹر کا سیکشن عبدالحکیم قصبے کے راستے۔

شاہرات کا مغربی نیٹ ورک

سی پیک منصوبے میں صرف مغربی شاہرات کے ایک حصے کے طور پر صوبہ بلوچستان میں 870 کلومیٹر سڑک کی تعمیر نو کا پلان ہے۔ 870 کلومیٹر سڑک میں سے 620 کلومیٹر پہلے جنوری 2016 تک دوبارہ تعمیر کیے جا چکے ہیں۔مغربی روڈ وے نیٹ ورک شمالی پنجاب کے برہان اور حسن ابدال کے قصبوں کے قریب M1 موٹروے پر برہما بہتر انٹر چینج پر شروع ہوگا۔

نئی تعمیر شدہ قراقرم ہائی وے برہان میں مغربی سیدھ سے منسلک ہوگی، جہاں سے 285 کلومیٹر طویل کنٹرول رسائی برہما بہتر یارک موٹر وے شروع ہوگی۔موٹر وے ڈیرہ اسماعیل خان کے بالکل شمال میں یارک قصبے کے قریب ختم ہو جائے گی۔ اس منصوبے کا سنگ بنیاد 17 مئی 2016 کورکھا گیا۔ 

موٹر وے سندھ ساگر دوآب کے علاقے سے گزرے گی اور صوبہ خیبر پختونخوا میں داخل ہونے سے پہلے میانوالی کے مقام پر دریائے سندھ کو عبور کرے گی۔ یہ 11 انٹرچینجز، 74 کلورٹس اور 3 بڑے پلوں پر مشتمل ہے جو سندھ، سوان اور کرم ندیوں پر پھیلا ہوا ہے۔ اس منصوبے کے کل اخراجات 1.05بلین ڈالر ہیں۔

نئی برہما بہتر یارک موٹر وے کے جنوبی ٹرمینس پر، N50 نیشنل ہائی وے کو خیبر پختونخوا میں ڈیرہ اسماعیل خان اور بلوچستان ژوب کے درمیان بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ژوب اور کوئٹہ کے درمیان حتمی تعمیر نو کے ساتھ اپ گریڈ شدہ روڈ وے 4 لین دوہری کیریج وے پر مشتمل ہے جو دونوں شہروں کے درمیان 205 کلومیٹر کے فاصلے پر پھیلا ہوا ہے۔N50 کا پہلا حصہ جو کہ اپ گریڈ کیا جائے گا ژوب اور مغل کوٹ کے درمیان N50 کا 81 کلومیٹر حصہ ہے۔

جنوری 2016 میں تعمیراتی کام شروع ہوئے۔ اگرچہ یہ پروجیکٹ سی پیک کی مغربی شاہرات میں ایک اہم ربط سمجھا جاتا ہے۔ اس منصوبے کی لاگت چینی سرکاری بینکوں کی طرف سے فنانس نہیں کی گئی بلکہ اس کے بجائے ایشیائی ترقیاتی بینک کے2014 کے معاہدے کے تحت جو، سی پیک سے پہلے تھا،کے ساتھ ساتھ برطانیہ کے محکمہ برائے بین الاقوامی ترقی کی طرف سے فراہم کردہ گرانٹس کے ذریعے بھی اسے مالی معاونت دی گئی۔

کوئٹہ سے جنوب کی طرف سی پیک کی مغربی صف بندی N25 قومی شاہراہ کے طور پر وسطی بلوچستان کے قصبے سوراب تک جاری رہے گی۔ سوراب سے 470 کلومیٹر طویل راستہ جو N85 قومی شاہراہ کے نام سے جانا جاتا ہے، وسطی بلوچستان کو تربت شہر کے قریب جنوب مغربی بلوچستان کے قصبے ہوشاب سے جوڑے گا۔ 

شیڈول کے مطابق ان شہروں کے درمیان سڑک کا ڈھانچہ دسمبر 2016 میں مکمل ہوا۔ہوشاب اور گوادر کے قصبے ایم 8 موٹر وے کے ایک نئے تعمیر شدہ 193 کلومیٹر لمبے حصے سے منسلک ہیں۔موٹروے کا ہوشاب سے گوادر حصہ مکمل ہے اور فروری 2016 میں اس کا افتتاح کیا گیا۔ اس کے راستے میں خصوصی اقتصادی زون بھی شامل ہیں۔خیبر پختونخوا میں کم از کم سات خصوصی اقتصادی زون قائم کیے جانے کا منصوبہ ہے۔

شاہرات کا مرکزی نیٹ ورک

سی پیک کے ''مرکزی شاہرات کینیٹ ورک'' کے طویل المدتی منصوبے سڑکوں کے جال پر مشتمل ہیں جو کہ اس کامختصر ترین راستہ ہے اور گوادر سے شروع ہوتا،بسیما، خضدار، سکھر، راجن پور، لیہ، مظفر گڑھ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں برہما بہتر یارک موٹر وے کے ذریعے شاہراہ قراقرم سے منسلک ہو سکے گا۔ فیصل آباد اور ملتان کے درمیان 184 کلو میٹر لمبی M-4 موٹر وے سی پیک منصوبوں کے دائرہ کار میں نہیں آتی، اس کے باوجود سی پیک ٹرانسپورٹ پراجیکٹ کے لیے اسے اہم سمجھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی جائے گی ۔ یہ ان بینکوں کی طرف سے مشترکہ طور پر مالی اعانت فراہم کرنے والا پہلا منصوبہ ہے۔

مانسہرہ شہر کے جنوب میں قراقرم ہائی وے کو ایک کنٹرولڈ شاہراہ میں اپ گریڈ کیا جائے گا جو سرکاری طور پر E-35 ایکسپریس وے کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ گوادر اور چین کے درمیان راستے کا ایک اہم حصہ سمجھا جاتا ہے۔ E35 کو سی پیک فنڈز سے مالی اعانت نہیں دی جارہی۔ اس منصوبے کی بجائے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی طرف سے برطانیہ سے 121.6 ملین ڈالر کی گرانٹ کے ساتھ اس منصوبے کے لیے مالی اعانت فراہم کی جائے گی۔ایک بار مکمل ہونے کے بعد E35 ایکسپریس وے، M4 موٹروے، کراچی-لاہور موٹروے ثابت ہوگی۔

ریلوے کے منصوبے

(ML-1) مین لائن 1 کراچی تا پشاور ریلوے لائن

سی پیک کے ''جلد تکمیل منصوبے '' میں کراچی اور پشاور کے درمیان 1687 کلو میٹر لمبی مین لائن 1 ریلوے (ML-1) کی مکمل بحالی شامل ہے۔منصوبے کے پہلے مرحلے کے لیے 3.65 بلین ڈالرکی لاگت سے دسمبر 2017 تک مکمل ہونے کی توقع تھی۔ جون 2016 میں چین اور پاکستان نے منصوبے کے دوسرے مرحلے کے منصوبوں کی نقاب کشائی کی ۔

جس کی مجموعی لاگت 8.2 بلین ڈالرہے ۔ ML-1 اوور ہال منصوبے 2021۔22 میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ریلوے لائن کی اپ گریڈنگ 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرین کے سفر کی اجازت دے گی جو کہ موجودہ ٹریک پر فی الحال اوسط 60 سے 105 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ممکن ہے اور توقع ہے کہ پاکستان ریلوے کی سالانہ آمدنی میں تقریبا 4 480 ملین ڈالر کا اضافہ ہوگا۔

اس کے علاوہ اپ گریڈیشن سے کراچی سے پشاور تک ٹرانزٹ کے اوقات میں نصف کمی ہوجائے گی۔ پاکستانی ریلوے اس وقت ملک میں مال بردار ٹریفک کا 4 فیصد ہے۔ سی پیک کی تکمیل کے بعد اندازہ ہے کہ ملک کے مال بردار ٹریفک کا 20 فیصد ٹرانسپورٹ بذریعہ پاکستانی ریلوے کیا جا سکے گا۔منصوبے کا تیز رفتار پہلا مرحلہ ملتان کو پشاور سیکشن میں اپ گریڈ کرنے پر توجہ مرکوز کرے گا جس کے بعد حیدرآباد سے ملتان سیکشن اور آخر میں حیدرآباد سے کراچی سیکشن اپ گریڈ ہوگا۔

سی پیک کے اعلان کے وقت ۱ML کراچی اور لاہور کے نواحی علاقے شاہدرہ کے درمیان زیادہ تر ڈبل ٹریک ریلوے پر مشتمل تھا، جس میں سنگل ٹریک طویل تھا۔ شاہدرہ سے ٹریک بنیادی طور پر ایک ہی ٹریک پر مشتمل تھا جو پشاور تک تھا۔ کراچی سے شاہدرہ کے درمیان پورے ٹریک کو دوگنا کرنے کے لیے تعمیراتی کام کا آغاز جنوری 2016 میں ہوا۔ ریلوے منصوبے کے پہلے مرحلے کے ایک حصے کے طور پر شاہدرہ اور پشاور کے درمیان باقی ٹریک کو دوہری ٹریک ریلوے میں اپ گریڈ کیا جانا ہے۔

لالہ موسیٰ ، لاہور کے شمال اور پشاور کے درمیان 676 کلومیٹر کے حصے کو سرنگوں، پلوں اور پلوں کے اضافے کے ساتھ مکمل تعمیر نو کی ضرورت ہوگی، جبکہ لالہ موسیٰ کے جنوب میں 900 کلومیٹر کے فاصلے پر کراچی کو 25 ٹن ایکسل لوڈ والی کاروں کو سنبھالنے کے لیے اپ گریڈ کیا جائے گا۔ ٹیکسلا سے حویلیاں تک ایک تفریح گاہ بھی تعمیر کی جائے گی، جس میں حویلیاں شہر کے قریب خشک بندرگاہ شامل ہے۔ 

مزید یہ کہ ٹریک کی پوری لمبائی میں کمپیوٹرائزڈ سگنل سسٹم ہوں گے، شہری علاقوں میں ٹریک کے ساتھ باڑ لگائی جائے گی تاکہ پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کو پٹریوں کی غیر ضروری کراسنگ سے روکا جا سکے۔

(ML-2 ) مین لائن 2 کوٹری-اٹک ریلوے لائن

ML-1 کو اپ گریڈ کرنے کے علاوہ سی پیک پروجیکٹ صوبہ سندھ میں کوٹری اور شمالی پنجاب میں اٹک کے درمیان 1254 کلومیٹر طویل مین لائن 2 (ML-2) ریلوے پر بھی اسی طرح کی بڑی اپ گریڈیشنکی جارہی ہے۔ ڈیرہ غازی خان شمالی پاکستان کی طرف جانے والا راستہ تقریبا دریائے سندھ کے مماثل ہے،ML-1 کے برعکس جو کہ لاہور کی طرف زیادہ مشرقی راستہ لیتا ہے۔ اس منصوبے میں گوادر کو جیکب آباد سندھ سے جوڑنے کا منصوبہ بھی شامل ہے جو ML-2 اور ML-3 ریلوے کے چوراہے پر واقع ہے۔

(ML-3) مین لائن 3 روہڑی-چمن ریلوے لائن

مین لائن 3 (ML-3) ریلوے لائن کے درمیانی مدت کے منصوبوں میں کوئٹہ کے قریب بوستان کے درمیان 560 کلومیٹر لمبی ریلوے لائن کی تعمیر بھی سی پیک میں شامل ہوگی، جس سے ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب بھکر ضلع کے کوٹلہ جام تک اورجنوبی افغانستان تک رسائی فراہم ہو گی۔ کوٹلہ جام میں ختم ہونے سے پہلے ریلوے کا راستہ کوئٹہ اور ژوب شہر سے گزرے گا۔ 2025 تک اس کی تعمیر متوقع ہے۔

خنجراب ریلوے

سی پیک کے تحت طویل المدتی منصوبوں میں حویلیاں شہر کے درمیان 682 کلو میٹر طویل خنجراب ریلوے لائن کی تعمیر، چین کی سرحد پر خنجراب پاس اورسنکیانگ کے کاشغر میں چین کی لینکسین ریلوے کی توسیع بھی شامل ہیں۔ یہ ریلوے لائن تقریبا شاہراہ قراقرم کے متوازی ہو گی اور 2030 میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ 

منصوبے کی لاگت کا تخمینہ لگ بھگ 12 بلین ڈالر ہے ،اسے مکمل ہونے میں 5 سال درکار ہوں گے۔ حویلیاں اور چینی سرحد کے درمیان ریل لائن کی تعمیر کی حتمی فزیبلٹی کے لیے 300 ملین روپے کا سروے پہلے ہی جاری ہے۔ایک ابتدائی فزیبلٹی سٹڈی 2008 میں آسٹرین انجینئرنگ فرم TBAC نے مکمل کی ہے۔

لاہور میٹرو (اورنج لائن)

لاہور میٹرو کی 1.6 بلین ڈالر کی اورنج لائن فعال ہو چکی ہے اور اسے سی پیک کے تحت تجارتی منصوبہ سمجھا جاتا ہے۔ 2017 تک ابتدائی منصوبہ بندی کے بعد اس کی تکمیل میں کئی بار تاخیر ہوئی پہلے 2018 پھر 2019 اور 2020 تک۔ آخر کار یہ 25 اکتوبر 2020 کو شروع ہوا۔ یہ لائن 27.1 کلومیٹر (16.8 میل) لمبی ہے۔ اس منصوبے میں روزانہ 250،000 مسافروں کی نقل و حمل کی گنجائش ہے جبکہ 2025 تک روزانہ 5,00000 مسافروں کی گنجائش بڑھانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

تازہ ترین