اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمدکا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو یہ ضمانت دی جاتی ہے کہ الیکشن شفاف ہوں گے، ن لیگ میں دو کے بجائے تین گروپ بنیں گے،اچھی بات ہے کہ حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان جوڈو کراٹے کا ماحول کم ہو رہا ہے۔پیر کومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا سازش کے تحت پاکستان کے شناختی کارڈ، ویکسی نیشن مہم اور پاسپورٹ کو دنیا میں بدنام کیا جا رہا ہے۔ نواز شریف کے نام پر جعلی ویکسی نیشن سے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جعلی ویکسی نیشن کے حوالے سے نادرا کا کوئی قصور نہیں ہے، نادرا نے 75 لاکھ افراد کو کورونا سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے،چہلم امام حسینؓ پر موبائل فون سروس بند کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ضرورت کے تحت آج بعض علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی، وفاقی وزیر کا کہنا تھا ،منصفانہ الیکشن کیلئے فضا کا بہتر ہونا ضروری ہےالیکشن کمیشن اور حکومت کے درمیان الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے حوالے سے پیدا ہونے والے اختلافات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا اچھی بات یہ ہے کہ الیکشن کمیشن اور حکومت قریب آ رہے ہیں، سکندر سلطان راجہ کو وفاقی محتسب بنانے کی تجویز دی تھی لیکن انہیں چیف الیکشن کمشنر مقرر کر دیا گیا ، وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمدنے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، کسی دہشت گردتنظیم نے سراٹھایا تو اس کو کچل کر رکھ دیں گے،ای پاسپورٹ پر کام ہو رہا ہے اور پاکستان اس حوالے سے پہلا ملک ہو گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ سیریز سبوتاژ کرنے کے افسانے کی حقیقت کے قریب پہنچ گئے ہیں، دستانے والے ہاتھ پاکستان کونقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں، انہیں پوری دنیا کے سامنے لائیں گے، سائبر کرائمز کی روک تھام کے لئے 2 ارب کے فنڈ جاری کررہے ہیں۔