• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چہلم حضرت امام حسین ؓکے جلوس کیلئے سکیورٹی پلان جاری

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے چہلم حضرت امام حسین ؓ و شہدائے کربلا کے مرکزی جلوس کے لئے سکیورٹی پلان جاری کردیا۔ سکیورٹی پلان کے مطابق جلوس کی سکیورٹی کے لئے ساڑھے تین ہزار کے قریب پولیس افسران ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ جلوس کی سکیورٹی تین حصار پر مشتمل ہوگی اور جلوس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے۔ جلوس میں آنے والے شرکاء کو مکمل باڈی سرچ کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ جلوس کی سکیورٹی کیلئے روف ٹاپ ڈیوٹی بھی لگائی گئی ہے۔ چہلم کے مرکزی جلوس کے روٹ کی سرچنگ اور سویپنگ کی جائے گی اور روٹ میں آنے والی گلیوں، سڑکوں، ڈائیورژن پوائنٹس اور دیگر راستوں کو سیل کیا جائے گا۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے الگ سے ٹریفک پلان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ٹریفک پولیس کے 200سے زیادہ پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ سی پی او محمد احسن یونس نے اس موقع پر کہا کہ راولپنڈی پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے بہترین ڈیوٹی سرانجام دی۔ صفر المظفر کے دوران اور چہلم حضرت امام حسین ؓکے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے اجلاس منعقد کئے گئے ہیں۔ راولپنڈی پولیس فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات کررہی ہے۔ دریں اثناء سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسن یونس کی زیرصدارت امن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ایس ایس پی آپریشنز رائے مظہر اقبال، ایس پی ہیڈکوارٹرز زنیرہ اظفر، ایس پی سکیورٹی تیمور خان، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور مختلف مسالک کے جید علماء کرام نے شرکت کی۔ سی پی او نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چہلم کے سلسلہ میں امن وامان کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔ علماء کرام کا تعاون ہمیشہ ہمارے ساتھ رہا جس پران کے شکر گزار ہیں۔
تازہ ترین