قومی کرکٹرز کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کی ناساز طبیعت کی خبر نے پریشان کردیا۔
انضمام الحق عارضہ قلب میں مبتلا ہوگئے ہیں، لاہور کے ایک اسپتال میں ان کی انجیو پلاسٹی کر کے ایک اسٹنٹ ڈالا گیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے لیجنڈ اور فخرِ پاکستان سید انضمام الحق کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں، اللّٰہ رب العزت انہیں مکمل شفا عطا فرمائے۔
شعیب ملک نے اپنے پیغام میں لکھا کہ انضی بھائی آپ ایک فائٹر ہیں، اللّٰہ آپ کو جلد صحتیاب کرے اور صحت والی لمبی زندگی دے۔
سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ انشاءاللّہ انضمام الحق جلد صحتیاب ہوجائیں گے۔
اظہر علی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا کہ میرے بچپن کے ہیرو انضمام الحق کی جلد صحتیابی کےلیے بہت سی دعائیں ہیں۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔
1992 کے ورلڈکپ میں سیمی فائنل کے ہیرو انضمام الحق نے 120 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 8 ہزار 830 رنز بنائے ہیں۔