• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روپے کی قدر کو اب استحکام ملے گا: رزاق داؤد


وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیرِ تجارت رزاق داؤد کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر مئی سے گر رہی ہے، مزید کمی سے مسائل پیدا ہوں گے، اندازہ ہے کہ روپے کی قدر کو اب استحکام ملے گا۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیرِ تجارت رزاق داؤد نے کہا کہ پاکستان کی توجہ خطے کی تجارت پر ہے، مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیائی ممالک سے تعلقات استوار کرنے پر کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عرب امارات سے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اور ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری لانا چاہتے ہیں، وزیرِ اعظم عمران خان سرمایہ کاری میں پیش رفت کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔

مشیرِ تجارت نے کہا کہ لاہور کے پرانے ایئر پورٹ سے متصل جگہ پر اعلیٰ معیاری بزنس سینٹر بنانے پر کام کر رہے ہیں، اس سلسلے میں قانونی چارہ جوئی جاری ہے، آئندہ ماہ سے پیش رفت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ تعلقات معمول پر ہیں، افغان سرحد سے تجارت معطلی کی اطلاعات نہیں ہیں، افغانستان کے ساتھ ڈالر اور روپے میں تجارت ہو رہی ہے، افغانستان کے ساتھ 30 سال سے غیر رسمی تجارت ہو رہی ہے۔

رزاق داؤد نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کا مسئلہ ہے، عالمی سطح پر اجناس مہنگی ہونے سے درآمدی اشیاء کے ساتھ مہنگائی بھی آئی ہے۔

مشیرِ تجارت کا یہ بھی کہنا ہے کہ درآمدی اشیاء کے ساتھ مہنگائی آنے سے ہماری تجارت اور سرمایہ کاری اثر نہیں لے گی۔

تازہ ترین