• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں بیٹھ کر کراچی کے مسئلے کیسے حل کر سکتے ہیں؟ فواد چوہدری


وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھ کر کراچی کے مسئلے کیسےحل کر سکتے ہیں؟ کراچی میں سندھ حکومت ایک روپیہ خرچ نہیں کر رہی۔

اسلام آباد میں مقامی حکومتوں کے مستقبل پر ہونے والی قومی کانفرنس سے خطاب کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ وزرائے اعلیٰ کی طرف سے لوکل گورنمنٹ کی مخالفت سامنے آ رہی ہے، اٹھارہویں ترمیم کے تحت لوگوں کو جو فائدہ ملنا چاہیئے تھا وہ نہیں مل سکا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کے پاس سے تقریباً 60 فیصد ٹیکس صوبوں کے پاس واپس جاتا ہے، پاکستان کے سارے ٹیکس اکٹھے ہو کر وفاق کے پاس آتے ہیں۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ گزشتہ 3 سال میں پنجاب کو 2300 سے 2400 ارب روپے منتقل ہوئے، سندھ کو 1700 ارب روپے، بلوچستان کو 700 ارب روپے، خیبر پختون خوا کو 900 سے 1000 ارب روپے منتقل ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ کی سب سے بڑی مخالفت وزرائے اعلیٰ کی طرف سے آ رہی ہے، دوسرا مسئلہ یہ آتا ہے کہ ایم این ایز اور ایم پی ایز راضی ہی نہیں کہ پولیس، ٹھیکیدار اور پٹواری سے اوپر سوچیں۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی غلطی تھی کہ لوکل گورنمنٹ الیکشن نہیں کرائے گئے، کراچی سے پی ٹی آئی جیتی ہے، کراچی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ان کا خیال رکھے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی دباؤ میں کراچی کو 11 سو ارب روپے دے رہی ہے، وفاقی حکومت نے کراچی کے نالے صاف کر دیئے، کے سی آر پر خرچ کر رہے ہیں۔

فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہباز شریف نے پنجاب کے بجٹ کا بڑا حصہ لاہور پر خرچ کر دیا، پنجاب کے دوسرے شہروں کا پیسہ لاہور پر لگایا گیا، یہ تو کوئی طریقہ نہیں۔

تازہ ترین