مسلم لیگ نون کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کی مدتِ ملازمت میں توسیع نہیں ہو سکتی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیرِ اعظم شاہدخاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو حاضری لگا کر واپس جانے کی اجازت دے دی۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قانون کہتا ہے کہ چیئرمین نیب کی مدتِ ملازمت میں توسیع نہیں ہو سکتی۔
ان کا کہنا ہے کہ وزراء کہتے ہیں کہ وہ نیب چلاتے ہیں، قانون کو بدل کر ایک شخص کی مدتِ ملازمت میں کیسے توسیع دی جا سکتی ہے؟
سابق وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ حکومت اس قانون کو بدلنے کے لیے کوشاں ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ 76 سال کا شخص جو حکومتی قبضے میں ہے اس کی مدتِ ملازمت میں توسیع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔