وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اسد عمر کا کہنا ہے کہ انسدادِ کورونا ویکسینیشن بڑھ جانے پر ایس او پیز میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ یکم اکتوبر سے مکمل ویکسین نہ لگوانے والے افراد پر پابندیاں عائد ہوں گی۔
اسد عمر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ این سی او سی نے 8 شہروں میں عائد کورونا ایس او پیز میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے، جن میں کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، میرپور، مظفرآباد، گلگت اور اسکردو شامل ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے نکلنے کا واحد حل شہریوں کی زیادہ سے زیادہ ویکسینیشن ہے، شہروں میں ویکسینیشن کا جائزہ ایک حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن شہروں میں ویکسینیشن کی شرح کم ہے وہاں زیادہ پابندیاں عائد ہوں گی، جو شہری ویکسینیشن نہیں کروا رہے ان پر پابندیاں عائد ہوں گی۔