وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اور بہت سارے امتحان ہوسکتے ہیں لیکن ہم سرینڈر نہیں کریں گے، ہم طالبان کی کوئی عسکری مدد نہیں کررہے ہیں یہ الزام بکواس ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوں، ساری دنیا طورخم اور چمن بارڈر پر کیے گئے انتظامات کی تعریف کررہی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی اتنی بڑی فوج نہیں جتنی ٹیم کو ہم نے سیکیورٹی دی تھی، نیوزی لینڈ ٹیم کے واپس جانے میں بھارت کا ہاتھ ہے، نیوزی لینڈ کے معاملے پر بھارت نے غلط خبریں پھیلائیں، بھارت کو جس انداز میں ناکامی ہوئی ہے ان کا چہرا بے نقاب ہوگیا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ہم کرکٹ کے شوقین ہیں پر ہم اس کے لیے مرے بھی نہیں جارہے، ایسا نہیں ہے کہ کرکٹ نہیں ہوئی تو کوئی ہم نے دن کی روٹی نہیں کھائی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سلیمان شہباز کو کلین چٹ ملی ہے تو وطن واپس آئیں، شہباز شریف اور ان کے نصیب میں دھکے ہیں، ن سے ش ہی نہیں م بھی نکلے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم دنیا کے ساتھ ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان کا ساتھ دیا جائے، افغانستان کے لیے بارڈر پر خصوصی اقدامات کیے ہیں، افغانستان کے لیے بارڈر پر خصوصی اقدامات 30 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اب انٹرنیشنل سیاست میں داخل ہوچکا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ہے جھوٹ نہیں بولتا، چار غذائی اجناس اور ادویات کی قیمتیں کم کی جائیں گی۔