کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر روکنے میں حکومت ناکام نظر آتی ہے ، روپے کے مقابلے پر ڈالر کی قدر میں اضافے کا رحجان برقرار، انٹر بینک میں 70پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 40پیسے کے اضافے سے ڈالربلند ترین سطح پر پہنچ گیا ، فاریکس ایسوسی ایشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مسلسل ڈالرکی طلب بڑھنے سے اس کی قیمت میں بھی اضافے کا رحجان ہے بدھ کو بھی انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 65 پیسے کے اضافے سے 169.95 روپے سے برھ کر 170.60 روپے اور قیمت فروخت 70پیسے کے اضافے سے 170.00 روپے سے بڑھ کر 170.70 روپے ہو گئی ہے ، دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں 40پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 171.20 روپے سے بڑھ کر 171.60 روپے اور قیمت فروخت 171.60 روپے سے بڑھ کر 172.00 روپے ہو گئی ہے ، فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید 20 پیسے کے اضافے سے 199.30 روپے سے بڑھ کر 199.50 روپے ہو گئی لیکن قیمت فروخت 201.00 روپے پر مستحکم رہی جبکہ برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 1.50 روپے کی کمی سے 233.50 روپے سے کم ہو کر 232.00 روپے اور قیمت فروخت 1.80 روپے کی کمی سے 235.80 روپے سے کم ہو کر 234.00 روپے ہو گئی ہے۔ دریں اثناء سونے کی قیمت میں 400روپے فی تولہ کا اضافہ ، تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 9 ڈالر فی اونس کے اضافے سے 1732 ڈالر سے بڑھ کر 1741 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 400 روپے فی تولہ کے اضافے سے ایک لاکھ 13ہزار 700 روپے فی تولہ اور 10گرام سونے کی قیمت 344 روپے کے اضافے سے 97 ہزار 480 روپے ہو گئی ہے ، تاہم چاندی کی قیمت 1400 فی تولہ پر مستحکم رہی۔