اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف 25 ارب روپے کی کرپشن کا جواب دینے کی بجائے مسلسل سواگھنٹے جھوٹ بولتے رہے‘جو دولت انہوں نے لوٹی وہ ہمارا ذاتی نہیں پاکستان کے عوام کا پیسہ ہے، جھوٹ بولنا شریف فیملی کا وتیرہ بن چکا ہے، دو روز پہلے بھی جعلی خبریں چلائی گئیں، لندن میں سلمان شہباز کے خلاف کیس حکومت کی طرف سے نہیں بھجوایا گیا‘اس کیس میں تحقیقات برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے اپنے طور پر کیں، فیک نیوز چلانے والوں کے چہرے سب اچھی طرح جانتے ہیں‘شہباز شریف کے خلاف پاکستان میں دو مقدمات ہیں، نیب لاہور نے 7 ارب 32 کروڑ روپے کا ایک کیس دائر کیا جبکہ دوسرا کیس 25 ارب روپے کی کرپشن کا ہے، العربیہ اور رمضان شوگر ملز کے ذریعے 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی، ہمارا مطالبہ ہے کہ ان کیسوں کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ برطانوی ادارے نے ہمارے یونٹ سے رابطہ کر کے ہنڈی کے ذریعے بھیجی گئی رقوم کی تفصیلات مانگی تھیں۔آج اسی کرپشن کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ یہ تمام ٹرانزیکشنز بینکوں سے ہوئی ہیں، یہ دستاویزی ثبوت ہیں۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ شہباز شریف کہہ رہے ہیں کہ برطانیہ میں سلمان شہباز بری ہوتے ہیں تو اسے ان کی بریت سمجھا جائے لیکن یہاں پر عدالتوں میں وہ اپنے بچوں کے کیسوں سے لاتعلقی کا اظہار کر دیتے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنی پریس کانفرنس میں نیب پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل سلیم شہزاد کے دورہ برطانیہ کا بار بار ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ ایک کورس میں شرکت کے لئے تھا، برطانوی حکومت نے پاکستان میں نیب اور ایف آئی اے افسران کو اس کورس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔