پشاور( وقائع نگار)پشاور شیرو جھنگی کے رہائشیوں نے بجلی اور سوئی گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری بند کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں بصورت دیگر دھرنا دینے سمیت پولیو مہم سے بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہو جائینگے ۔مظاہرے کی قیادت علاقہ مشران امین جان ،عبدالولی ،حضرت باجوڑی سمیت دیگر عمائدین کر رہے تھے ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر انکے مطالبات کے حق میں درج تھے ۔اس موقع پر علاقہ مشران کا کہنا تھا کہ جدید دور میں بھی شیرو جھنگی کے عوام گیس اور بجلی کی نعمت سے محروم ہیں جسکے باعث علاقہ عوام شدید مشکلات سے دو چار ہیں جبکہ بجلی لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار زندگی بھی متاثر ہو رہی ہے جبکہ گیس نہ ہونے کے باعث امور خانہ داری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور مکین مہنگے داموں ایل پی جی گیس خریدنے پر مجبور ہیں جو غریب عوام پر ظلم کے مترادف ہے ۔علاقہ مشران نے خبردار کیا ہے کہ علاقہ میں گیس اور بجلی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو دھرنا دینے سمیت پولیو مہم سے بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہونگے ۔