• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش کے پیش نظر کراچی کی انتظامیہ متحرک ہے، بیرسٹر مرتضی وہاب


ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کراچی میں ممکنہ بارشوں سے متعلق کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ضروری اقدامات کئے ہیں، بارش کے پیش نظر کراچی کی انتظامیہ متحرک ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں ممکنہ طوفان کے پیش نظر محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کی پیش گوئی پر ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ بلدیہ کے تمام ادارے، کے ایم سی، واٹر بورڈ، سالڈ ویسٹ، ڈی ایم سیز اور ٹریفک پولیس رین ایمرجنسی ڈیوٹی پر ہیں، وزیراعلی سندھ نے انتظامیہ کی مدد کے لیے کابینہ ارکان کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی ہیں۔

بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے فعال ہے، پی ڈی ایم اے کی مدد سے نشیبی علاقوں میں نکاسی کے لیے پمپس لگا دیئے گئے ہیں،کوشش ہے کہ شہریوں کو مشکلات پیش نہ آئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بارش کے دوران شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، بارش میں باہر نکلتے ہیں تو سڑکوں پر ٹریفک جام ہوجاتا ہے شہری نکلنے سے پہلے ٹریفک ایف ایم ریڈیو 88.6 پر شہر کی ٹریفک اپڈیٹ سن لیں اور فیس بُک پیج پر بھی لائیو اپڈیٹ دیکھ سکتے ہیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہری اپنی حکومت اور بلدیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کریں،  تعاون کے ساتھ ہم ایک دوسرے کی تکالیف کو کم کرسکیں گے۔

تازہ ترین