• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کی مسجد میں خود کش حملہ کرنے والے بمبار کی شناخت ہو گئی، حکومتی ذرائع

اسلام آباد کی مسجد میں خود کش حملہ کرنے والے بمبار کی شناخت ہوگئی ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار نے افغانستان سے دہشتگرد کارروائیوں کی تربیت حاصل کی، خود کش بمبار متعدد بار افغانستان کا سفر کر چکا ہے۔

افغانستان میں موجود مختلف دہشتگرد گروہ طالبان رجیم کی سرپرستی میں خطے کی سلامتی کے لیےخطرہ ہیں، پاکستان میں ہر دہشتگردانہ کارروائی کے پس پشت افغانستان اور بھارت کا گٹھ جوڑ ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پوری قوم ایسی مذموم اور بزدلانہ کارروائیوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکا ہوا، جس میں 31 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا نمازِ جمعہ کے دوران مسجد خدیجتُہ الکبریٰ میں ہوا ، خود کش حملہ آور نے مسجد میں داخلے سے روکنے پر خود کو اڑا لیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پہلے فائرنگ کی آوازیں بھی آئیں۔

دھماکے کے بعد پولیس اور فوج کے دستوں اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، تمام زخمیوں کو پمز اور پولی کلینک اسپتال منتقل کر دیا گیا، تمام اسپتالوں میں ہنگامی صورتِ حال نافذ کر دی گئی۔

شر پسندی و بے امنی پھیلانے کی ہر گز اجازت نہیں دینگے: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم نے وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کر کے واقعے کی تحقیقات کر کے ذمے داران کے تعین کی ہدایت کر دی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھماکے کے ذمے داران کا تعین کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے، ملک میں شرپسندی اور بے امنی پھیلانے کی ہر گز کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور وزیرِ صحت کو اس حوالے سے نگرانی کا حکم بھی دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مذمت

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسلام آباد دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو اسلام آباد انتظامیہ کی بھرپور معاونت اور زخمیوں کو راولپنڈی کے سرکاری اسپتالوں میں علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

بلوچستان و خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کا اظہار رنج و غم

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے دھماکے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسجدمیں خودکش حملہ انسانیت دشمنی کی بدترین مثال ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دھماکے کے مقام کا دورہ کیا۔

قومی خبریں سے مزید