پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور مشیرِ زراعت منظور حسین وسان نے عام انتخابات کے حوالے سے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی نئی سیاسی جماعت بنانے پر کام کر رہے ہیں مگر نئی سیاسی جماعت بنا نہیں پائیں گے، وہ کسی اور پارٹی میں چلے جائیں گے۔
منظور وسان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ تمام سیاسی پارٹیاں الیکشن کی تیاری کریں 2022ء کے اکتوبر کے مہینے یا اس سے پہلے الیکشن دیکھ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرائیں گے، کوئی بہانہ بنا کر 2022ء میں عام انتخابات کا اعلان کریں گے۔
مشیرِ زراعت نے کہا کہ سلیکٹڈ کا جیتنے والا وقت چلا گیا، پچ تیار ہے، عمران خان کے ہارنے کا وقت ہے، وہ کھیل نہیں سکتا تو جیتے گا کیسے؟
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بننے کہ بعد جس نے جس پر مہربانی کی ہے اس نے اسی کے ساتھ ہی غداری کی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان کازوال شروع ہو چکا ہے، حکومت فیل ہو چکی ہے، بہت سے لوگ پی ٹی آئی چھوڑنے کو تیار بیٹھے ہیں۔