بحیرہ عرب میں بننے والے ممکنہ طوفان کے باعث کراچی میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش رات بھر جاری رہی اور صبح کے وقت رک گئی۔
کراچی میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش رات بھر وقفے وقفے سے جاری رہی، بارش اور تیز ہواؤں کے باعث موسم کی شدت میں کمی آئی ہے،رات بھر جاری رہنے والی بارش صبح کے وقت رک گئی ہے تاہم کہیں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش ہورہی ہے۔
ڈیپ ڈپریشن شمال مغرب کی طرف 14 کلومیٹر کی رفتار سے بڑھ رہا ہے، ڈیپ ڈپریشن کے باعث کراچی، زیریں سندھ سمیت دیگر ساحلی پٹیوں میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔
ڈیپ ڈپریشن کے باعث سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کی ہوا میں نمی کا 87 فیصد ہے، شہر کا مطلع ابرآلود ہے،ہوائیں جنوب مشرق سے 27کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 24 اعشاریہ 4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ فیصل بیس پر 20 ملی میٹر اور پی اے ایف مسرور بیس پر 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں 17 اعشاریہ 6 ملی میٹر اور گلشنِ حدید میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمۂ موسمیات نے نارتھ کراچی میں 12 اعشاریہ 6 ملی میٹر اور اولڈ ایئر پورٹ پر 10 اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ یونیورسٹی روڈ، قائد آباد اور سعدی ٹاؤن میں 9 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 8 ملی میٹر اور گلشنِ معمار میں 6 اعشاریہ 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔