• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سے اغواء نوجوان کی لاش پشاور سے برآمد، ایک ملزم گرفتار

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )رینجرز نے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا ، حساس اداروں کے تعاون سے کارروائی کے دوران مقتول کی لاش بھی برآمد کر لی گئی ۔تفصیلات کے مطابق سچل کے علاقے سے یکم ستمبر کو لاپتہ ہونے والے 20سالہ نوجوان عمر فاروق کو اسی روز معمار پلازہ سہراب گوٹھ میں قتل کے بعد اس کے افغانی دوست گل رحمان نے لاش کو ایک ڈرم میں بند کر کے بذریعہ کارگو براستہ پشاور افغانستان کے فرضی پتے پر روانہ کیا اور قتل کو اغواء کا رنگ دینے کے لیے مقتول کے لواحقین سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملنے پر پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی اورقتل کے واقعہ میں ملوث ملزم گل رحمان کی جانب سے مشکوک ڈرم پارسل کرنے کی شواہد کی روشنی میں پشاور سے ڈرم میں چھپائی گئی لاش برآمد کر لی گئی۔ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے قتل کے محرکات کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ اطلاع کے مطابق ملزم گل رحمان چمن کے راستے افغانستان فرار ہو چکا ہے جبکہ قتل میں معاونت کے جرم میں ملزم کے قریبی ساتھی کو گرفتار کر کے تفتیش کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین