اسلام آ باد (ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ ) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ شہباز شریف کیا بیچتے ہیں؟ ان کی سیاست ٹائیں ٹائیں فش ہوچکی‘عمران کے ساتھ آیا تھا اورانہی کے ساتھ جاؤں گا۔
امریکی پارلیمنٹ میں پاکستان پر پابندیاں لگانے سے متعلق بل آرہا ہے دیکھتے ہیں کیا ہوگا ۔
پاکستان نے ماضی میں بھی پابندیوں کاسامنا کیا ہے ‘ مسلمان گھبراتا نہیں‘اللّٰہ پر ایمان ہے‘جب تک مساجد آباد ہیں‘ پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھاکہ اسلام آباد میں 500 مدرسے اور 1000مساجد ہیں، صرف 80مساجد سرکاری ہیں۔
ایک دو مدرسے سیاست کرتے ہیں جو نظر میں ہیں۔بائیس امریکی سینیٹرز نےبل پیش کیا،خدا کیلئے پڑھ کر تفصیلات سامنے لائیں، افراتفری نہ پھیلائیں‘ انسانی ہمدردی کے تحت افغانستان کی مدد کر رہے ہیں۔
کوشش ہے کہ دنیا اور افغان عوام کے ساتھ چلیں،افغان حکومت سے توقع ہے کہ ٹی ٹی پی کو کوئی شر انگیزی نہیں کرنے دیں گے۔