کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) محمد خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے جس کے فروغ کیلئے دن رات اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ بلوچستان پہلا صوبہ ہے جس نے ہاکی کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کئے ہیں جو قابل ستائش عمل ہے اور اسی لئے پاکستان کی پہلی ہاکی لیگ کوئٹہ میں منعقد کی جائے گی، جو کہ نہ صرف بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی بلکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی بھی کامیابی ہوگی وہ کوئٹہ میں انٹر اسکولز ہاکی ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل شہباز احمد سینئر، بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، سیکریٹری جنرل امجدستی اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ بلوچستان کے نوجوان منفی سرگرمیوں سے دور رہ کر کھیلوں خاص طور سے ہاکی میں دلچسپی لے رہے ہیں ، ماضی میں ان کھلاڑیوں کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے نوجوان قومی کھیل سے دور ہوتے چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن پاکستان ہاکی لیگ کی تیاری اور دیگر لائحہ عمل کے لیے جامع پلان مرتب کر کے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو بھیجے تاکہ پاکستان کی پہلی ہاکی لیگ جو کہ کوئٹہ میں منعقد کی جائے گی کی تاریخ کا اعلان کیا جائے اور اس لیگ کا کامیاب انعقاد ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف ہر صوبے کے کھلاڑیوں کو میرٹ کی بنیاد پر آگے لائے گی، حق دار کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی کا خاتمہ کیا جائے گا، بعد میں مہمان خصوصی نے کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔