پاکستان کی سپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان کا کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر کہنا ہے کہ آپ کو ہمیشہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر کئی نامور فنکاروں اور مداحوں کے ساتھ ساتھ اداکارہ ماہرہ خان نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ بہت شکریہ آپ کے ہنسانے کا اللّٰہ آپ کی مغفرت فرمائے۔
لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔
اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔
لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔
عمر شریف کئی ہفتوں سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج رہے، ڈاکٹروں نےعمر شریف کو علاج کیلئے امریکا کے اسپتال میں داخل کرانےکا کہا تھا، عمر شریف کو منگل 28 ستمبر کو ایئرایمبولنس میں روانہ کیا گیا تھا۔
ایئر ایمبولنس کا پہلا اسٹاپ جرمنی تھا، جہاں لینڈنگ کے بعد طیارے میں سوار عمر شریف کو تھکاوٹ اور ہلکے بخار کا کہہ کر نیورمبرگ کے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا، عمر شریف کا اسپتال میں ڈائیلاسز بھی ہوا تھا۔
نورمبرگ کےاسپتال میں ڈائیلاسز کے دوران عمرشریف کی حالت بگڑ گئی تھی۔