اسلام آباد (نمائندہ جنگ)حکومت کی اتحادی جماعت جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہےکہ میرے لیے یہ خبر حیران کن ہے کہ میرا آصف علی زرداری صاحب سے ٹیلیفونک رابطہ ہواہے انہوں نے کہا کہ یہ قطعی طور پر من گھٹرت خبر ہے لیکن بے مقصد ہرگز نہیں ۔جمعہ کو ڈیرہ اسماعیل خان سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس خبر کی تخلیق اور تشہیر کا کوئی نہ کوئی مقصد ضرور ہوگا ورنہ یہ خبر کیوں پھیلائی جاتی پر ہم مسلسل اس خبر کی تردید کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود تردید کی بجائے خود ساختہ خبریں چلائی گئیں جس سے یہ بات ثابت ہوتا ہے کہ اس مذموم حرکت سے کسی نہ کسی کے مفادات ضرور وابستہ ہیں ۔مولانا نے کہا کہ انشااللہ میں پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کروں گا اور ایوان میں ہونے والی کاراوائی کے بعد کو ئی تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں ہو ںگا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی رابطوں میں یقین رکھتے ہیں اگر آصف زرداری صاحب سے رابطہ ہوتا تو اس کا اظہاربھی ہم اعلانیہ کرتے انہوں نے اس بات کی بھی سختی سے تردید کی کہ انہوں نے آصف زرداری کو وزیر اعظم نواز شریف کا کوئی پیغام پہنچایا ہے ۔