لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پنڈورا پیپرز میں شامل حکومتی وزراءکے فی الفور مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیاہے کہ جماعت اسلامی پنڈورا پیپرز کی شفاف تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ جائے گی، منصورہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم کی طرف سے اعلان کی گئی تحقیقاتی کمیٹی کو مستردکرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی تعجب کی بات ہے کہ وزیراعظم پاناما لیکس کے موقع پر عدالتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کررہے تھے اور اب انہوں نے اپنے دوستوں کو بچانے کیلئے اپنے ہی دفتر میں چھوٹا سا سیل قائم کردیا، یہ کس طرح ممکن ہے کہ سرمایہ دار، سرمایہ دار کی اور دوست، دوست کی تفتیش کر سکے؟ جماعت اسلامی وزیراعظم کے دوہرے معیار کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور چیف جسٹس سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ازخود نوٹس لیتے ہوئے پنڈورا پیپرز میں شامل 700پاکستانیوں کی تحقیقات کیلئے تحقیقاتی کمیشن قائم کریں ۔