ملتان(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خان نے کہا ہے کہ عیدمیلاد النبیؐ کی تقریباً ت عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منائی جائیں گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی میلاد کونسل کے زیر اہتمام مرکزی قدیمی مسجد ممتازآباد میں علماء مشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے بھی اس مرتبہ ہفتہ رحمت اللعالمینؐ منانے کا پروگرام بنایا ہے، ضلعی حکومت بھرپور تعاون کرے گی اور اس سلسلے میں حائل تمام رکاوٹوں اور مسائل کو حل کیا جائے گا، جماعت اہل سنت کے صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی نے کہا کہ جشن میلاد کے سلسلے میں ملتان میں 200 سے زائد جلوس نکالے جائیں گے ، محمدایوب مغل، پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری نے مطالبہ کیا ہے کہ جشن میلاد کی قدیم تقریبات کو اجازت ناموں سے مستثنیٰ قرار دیاجائے، جلوس کے راستوں کی صفائی، مرمت اور سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں، اجلاس میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعت محمد ندیم قریشی، سجادہ نشین دربار موسیٰ پاک شہید مخدوم سید ابوالحسن گیلانی، مخدوم محمد زوہیب گیلانی، مخدوم شعیب اکمل ہاشمی، مصطفیٰ اشرف جیلانی، محمدایوب مغل، مفتی محمد عثمان پسروری و دیگرنے بھی شرکت کی۔