• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج میں بڑے تبادلے، لیفٹیننٹ جنرل نریم احمد انجم نئے ڈی جی ISI، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کور کمانڈر پشاور بنادیئے گئے


راولپنڈی (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریاں و تبادلے کیے گئے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نئے ڈی جی آئی ایس آئی ہونگے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کردیا گیا ہے۔ انکی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ہے۔ 

لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کوارٹر ماسٹر جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ اسکے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کور کمانڈر کراچی اور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی تعینات کئے گئے ہیں۔ 

میجر جنرل محمد عاصم ملک کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دیکر انہیں پاک فوج کا ایڈجوٹنٹ جنرل تعینات کیا گیا ہے۔نئی ذمہ داریاں تفویض کئے جانے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیراعظم عمران خان سے الوداعی ملاقات کی۔ 

ملاقات میں وزیراعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کی خدمات کی تعریف کی اور نئی پوسٹنگ پر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو جون 2019 میں ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا نیا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) تعینات کر دیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشن حاصل کیا، لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کمانڈ، اسٹاف اور انسٹرکچرل عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ 

انہوں نے کمبائنڈ آرمرز سینٹر برطانیہ سے گریجویشن کی، لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے کنگز کالج لندن اور این ڈی یو سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، نئے ڈی جی آئی ایس آئی روایتی خطرات سے نمٹنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم اسٹاف کالج کوئٹہ اورایڈوانس اسٹاف کورس برطانیہ کے گریجویٹ ہیں۔ 

پاک فوج کی پنجاب رجمنٹ اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کے 77ویں لانگ کورس سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے کمانڈنٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم مغربی سرحد، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور بلوچستان میں کمانڈ کر چکے ہیں، وہ جنوبی وزیرستان ایجنسی میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کر چکے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم آپریشن ضرب عضب کے دوران اس وقت کے قبائلی علاقے علاقے کُرم ایجنسی اور خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کر چکے ہیں، وہ ردالفساد کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان بھی رہے۔ 

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ڈی جی آئی ایس آئی بننے سے قبل کور کمانڈر کراچی تعینات تھے، انکے پسندیدہ کھیلوں میں باسکٹ بال اور کرکٹ شامل ہے، وہ پی ایم اے، اسٹاف کالج اور این ڈی یو میں انسٹرکٹر بھی رہے ہیں۔ 

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں کمانڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کراچی کور کے چیف آف اسٹاف بھی رہے ہیں۔ 

واضح رہے کہ 16 جون 2019 کو پاک فوج میں لیفٹیننٹ جنرلز کی اہم تقرر اور تبادلے کیے گئے تھے اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو آئی ایس آئی کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کیا گیا تھا۔انہیں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی جگہ اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو اپریل 2019 میں لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد سمیت 4 افسران کے ساتھ ترقی دے کر لیفٹیننٹ جنرل بنایا گیا تھا۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید ترقی کے وقت آئی ایس آئی میں ڈی جی کاؤنٹر انٹیلی جنس کے طور پر کام کر رہے تھے۔

آرمی کی بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو اس وقت ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کیا گیا تھا جب ملک کیلئے اندرونی اور بیرونی سطح پر سیکورٹی چیلنجز میں اضافہ ہوگیا تھا۔ 

کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر اس وقت ایڈجسٹنٹ جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، وہ جنرل آفیسر کمانڈنگ لاہور کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کور اس سے قبل کور کمانڈر گوجرانوالہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ جنرل فیض سے پہلے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

تازہ ترین