• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور برطانیہ کی خوشحالی میں ہماری کمیونٹی کا اہم کردار ہے، بیرسٹر عمران حسین

ہیلی فیکس(زاہدانور مرزا)ممبر پارلیمنٹ بریڈفورڈ بیرسٹر عمران حسین نے کہا ہے کہ برطانیہ میں آباد پاکستانی و کشمیری کمیونٹی برطانیہ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل جرنلسٹس کونسل آف پاکستان کی جانب سے پاکستان سے آئے ہوئے چیئرمین بلدیہ گوجرخان الحاج محمد شاہد صراف ،امین مرزا گوجرخانوی،نواز مرزاکے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایم پی عمران حسین نے کہا کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ سےتاخیر سے نکالنے سے پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے پاکستانی میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے میں بھرپور کردار ادا کیا اور ہماری آواز کو دنیا بھر تک پہنچایا ۔عمران حسین ایم پی نے پاکستان سے آئے مہمان چیئرمین بلدیہ گوجر خان الحاج محمد شاہد صراف کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بریڈفورڈ مہمان نوازی میں سب سے آگے ہے جب بھی کوئی پاکستان سے مہمان تشریف لا تا ہے اسے بریڈفورڈ میں ہماری کمیونٹی ہمیشہ خوش آمدید کہتی ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئےلارڈ میئر بریڈفورڈ شبیر حسین نے پاکستان سے آئے مہمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔مہمان امین مرزا گوجرخانوی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے مشکل گھڑی میں دل کھول کر پاکستان کی مدد کی ہے، انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک آباد پاکستانی ملکی معیشت میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان نواز مرزا، امین گوجرخانوی نے کہا کہ انشاءاللہ وطن عزیز پاکستان ایک دن ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو گا ،انہوں نے خوبصورت میزبانی پر قاضی کامران اور میڈیا کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا ۔کاروباری شخصیت رزاق بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ برطانیہ میں آباد برٹش نوجوان نسل کیلئے پاکستان میں حالات سازگار بنائے تاکہ وہ پاکستان جائیں کیونکہ اس وقت بدقسمتی کے ساتھ ہماری برٹش پاکستانی نوجوان نسل پاکستان کے بجائے دیگر ممالک میں جانا زیادہ پسند کرتی ہے۔تقریب کے میزبان قاضی کامران نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔تقریب میں سٹیج سیکرٹری محمد ادریس نے تمام میڈیا کے ساتھیوں کی جانب سے مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین