اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے‘ یہ اب صرف سیاسی گند ہیں‘بھتیجی نہیں چاہتی کہ چچا کا کوئی راستہ بنے‘(ن) لیگ صرف کمپنی کی مشہوری کے لیے اداروں کو بدنام کر رہی ہے‘اقتدار کے بھوکوں کو کچھ نہیں ملے گا‘یہ پچھتائیں گے‘نون سے شین ہی نکلے گی ‘ان کا کچھ نہیں بنے گا‘ طورخم اور چمن کے علاوہ افغانستان سے ملحقہ باقی پانچ سرحدوں پر بھی آمدورفت کا جدید بائیو میٹرک نظام اور آئن لائن ویزہ شروع کیا جائے گا، ہزاروں لوگ پاکستان میں ویزہ لے کر آئے اور لاپتہ ہو گئے، وہ مہلت سے فائدہ اٹھائیں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی‘ کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کی کوئی خبر نہیں، مفاہمت سے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کوصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوسف گیلانی اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے درخواست دیں یا عدالت کے ذریعے رجوع کریں، ہم ان کے کیس کا جائزہ لیں گے۔پاک فوج اور ادارے ملکی سلامتی کے ضامن ہیں، ان پر تنقید سے اقتدار کے بھوکوں کو کچھ نہیں ملے گا، یہ اپنا ہی نقصان کریں گے۔ بھتیجی چچا کے لیے راستہ نہیں نکالنا چاہتی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی سیاست دم توڑ چکی ہے، اگر وطن واپس آنا چاہتے ہیں تو درخواست دیں، انہیں 24 گھنٹے میں پاسپورٹ جاری کر دیں گے لیکن سیاسی گند نہ ڈالیں کیونکہ اس کی چھینٹیں ان پر ہی پڑیں گی۔ٹی ٹی پی میں ری گروپنگ ہو رہی ہے، تین چار گروپ شامل ہوئے ہیں، ہم مفاہمت چاہتے ہیں لیکن ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ ہمیں نورستان کنڑ سمیت ہر جگہ کی خبر ہے‘ملکی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے‘ڈالرز کی ہولڈنگ پر نظر رکھی ہوئی ہے۔