بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں خوفناک زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 20 ہو گئی، متعدد زخمی ہوئے ہیں، زلزلے سے متاثرہ شدید زخمیوں کی کوئٹہ منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹر آپریشن جاری ہے۔
ہرنائی انتظامیہ کے مطابق شدید زخمیوں کی کوئٹہ منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹر پہنچ گیا، جس کے بعد زخمیوں کو ہیلی پیڈ منتقل کیا گیا۔
ڈی ایچ او ڈاکٹر رشید ناصر نے بتایا کہ 10 شدید زخمی ہیلی کاپٹر سے کوئٹہ روانہ کیئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا ہے کہ کوئٹہ منتقل کیئے گئے تمام زخمی مرد اور بعض عمر رسیدہ ہیں۔
ڈی ایچ او نے یہ بھی بتایا ہے کہ زخمیوں کے سر پر چوٹیں، ہاتھوں اور پاؤں میں فریکچرز آئے ہیں جبکہ کچھ زخمی کومے میں ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ، سبی، ہرنائی سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رات گئے شدید زلزلے کے باعث 20 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 300 سے زائد زخمی ہو گئے، ہرنائی اور شاہرگ میں 70 سے زائد مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 9 اور گہرائی 15 کلومیٹر زیرِ زمین تھی جبکہ اس کا مرکز ہرنائی کے قریب تھا۔
مختلف علاقوں میں کئی افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے، تمام علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔