• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورۂ پاکستان کی منسوخی، تنقید پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ سربراہ مستعفی


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی جانب سے بڑھتے ہوئے دباو ٔکے نتیجے میں انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ای ین واٹ مور نے اچانک مستعفی ہوگئے ۔ وہ پانچ سال کیلئے چیئرمین بنے تھے لیکن 13 ماہ ہی گھر چلے گئے۔ ماہرین استعفے کو پی سی بی کی اخلاقی فتح قرار دے رہے ہیں۔ 

ای سی بی کے اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین بیری او برائن کو قائم مقام چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ واٹمور نے بورڈ کے ساتھ باہمی معاہدے کےتحت ڈومیسٹک سیزن کے اختتام اور گزشتہ ایک برس میں کووڈ کے چیلنج کے دوران کھیل کو آگے بڑھانے میں مدد کے بعد عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ 

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان انگلینڈ سیریز منسوخی کی وجہ سے وہ دباؤ کا شکار تھے ، بورڈ آف ڈائریکٹرز سے مشاورت کے بعد باہمی رضا مندی سے عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں۔ 

ای ین واٹمور نے کہا کہ بطور چیئرمین توقعات کافی بدل چکی تھیں، موجودہ حالات مجھ پر کافی اثر انداز ہوئے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ای سی بی میں نیا چیئرمین ذمہ داریاں سنبھالے۔ عہدے سے مستعفی ہو گیا ہوں ، یہ فیصلہ میں نے اپنے طور پر اور جس کھیل سے میں پیار کرتا ہوں، اس کے لیے کیا ہے۔ 

بورڈ اور میں نے محسوس کیا کہ ای سی بی کیلئے نیا چیئرمین بہتر ہوگا جو وبا کے بعد بورڈ کو لے کر چلے۔ گزشتہ ماہ سول سروس کمیشن سے ریٹائر ہوا تھا اور حال ہی میں دادا بن چکا ہوں ، اب چاہوں گا کہ مکمل طور پر ریٹائر ہوجاؤں اور عظیم کھیل سے مداح کے طور پر لطف اندوز ہوں۔ 

خیال رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے رواں ماہ دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کی غرض سے چار دن کے لئے پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ ملتوی کیے جانے کے بعد انگلینڈ نے بھی یکطرفہ طور پر دورہ ملتوی کردیا تھا جس کے بعد سابق انگلش کرکٹرز سمیت حکومت کی جانب سے بھی اس فیصلے پر سخت تنقید کی گئی تھی۔ 

برطانوی میڈیا کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے بعد واٹمور پر شدید دباؤ تھا، برطانوی وزیراعظم بھی ناراض تھے۔

تازہ ترین