• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے بارہ ربیع الاول کیلئے منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا

پشاور( کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے بارہ ربیع الاول کیلئے منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا۔ ماضی کی طرح امسال بھی چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے بارہ ربیع الاول کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مختلف سیکٹروں میں 3 ایس پیز‘ 11 ڈی ایس پیز، ایک ہزار سے زائد ٹریفک آفیسرز اور ٹریفک وارڈنز سمیت دیگر نفری تعینات کی ہے اسی طرح شہر کے مختلف سیکٹروں میں 54 رائیڈرز اور 18 فورک لفٹرز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک عملے کو ضلع بھر میں جلوسوں کی گزر گاہوں کا جائزہ لیکر ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی جس کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران نے مختلف علاقوں سے بارہ ربیع الاول کی ریلیوں کے گزرنے والی راستوں کا معائنہ کیا اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کی جانب سے مسائل کی نشاندہی پر اس کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ بارہ ربیع الاول کی ریلیوں اور تقاریب کیلئے سڑکیں کلیئر رکھی جائیں گی اور عام لوگوں کی سہولت کیلئے متبادل راستوں کا بندوبست کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران وقتاً فوقتاً ریلیوں کی گزرگاہوں و تقاریب والی جگہوں کے دورے کر کے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو درپیش مسائل بارے آگاہی حاصل کرینگے اور جہاں کہیں بھی مسائل کی نشاندہی کی جائے گی اس کے فوری حل کے لئے اقدامات کئے جائینگے۔
تازہ ترین