راولپنڈی(ایجنسیاں)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملکی سیاست میں آئندہ 120دن اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کے قریب (ن) لیگ میں نئی صف بندی ہوگی ‘ن لیگ کے دو نہیں تین ٹکڑے ہوں گے ‘حساس اداروں کے خلاف بدزبانی کرنے والے منہ کے بل گریں گے ‘یہ لوگ عمران خان کو ہلکا لے رہے ہیں ‘یہ پگڑیاں اچھالنے کا نہیں سنجیدہ سیاسی سوچ کا وقت ہے ، اگر ہم سنجیدہ سیاست کریں گے تو اس ملک کو آگے لے کے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں نئے پوسٹ گریجویٹ بلاک کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ ملک میں مہنگائی ہے لیکن ان شاءاللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اس کو کنٹرول کریں گے اور وہ لوگ جو ہمارے اداروں کے خلاف زبان استعمال کرکے نمبر ٹانکنے کی کوشش کررہے ہیں وہ منہ کے بل گریں گے۔