بھارتی متنازع اداکارہ راکھی ساونت نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری پر اپنا ردّعمل دیا ہے۔
اس حوالے سے راکھی ساونت نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے آریان خان کی گرفتاری پر شدید دُکھ کا اظہار کیا۔
راکھی ساونت نے کہا کہ ’مجھے آریان خان کی گرفتاری پر بہت زیادہ دُکھ ہورہا ہے اور ہمیں اُن کے لیے دُعا کرنی چاہیے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ کیا سچ ہے اور کیا جھوٹ ہے، میں صرف اتنا کہنا چاہوں گی کہ اگر آپ شیر ہو تو شیر سے لڑو، گیدڑ بن کر بچے کا شکار مت کرو۔‘
راکھی ساونت نے کہا کہ ’مجھے یہ کہتے ہوئے بہت دُکھ ہورہا ہے کہ بھارت کے کئی شہروں میں منشیات استعمال کرنے والے بچے کچرے کے ڈھیر میں پڑے ہوئے ہوتے ہیں۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’کچرے کے ڈھیر سے بچوں کی لاشیں برآمد ہوتی ہیں، ماں باپ سے اُن کے بچے چھن جاتے ہیں لیکن وہاں جاکر کوئی منشیات استعمال کرنے والوں کو نہیں پکڑتا۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’آریان خان تو صرف گھومنے کے لیے شِپ پر گئے تھے اور اُنہیں گرفتار کرلیا گیا۔‘
واضح رہے کہ ممبئی کی مقامی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں آریان خان اور دیگر 2 افراد کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔
این سی بی نے گزشتہ اتوار کو کروز شپ پر ایک پارٹی کے دوران چھاپا مارکر آریان سمیت 18 افراد کو حراست میں لیا تھا۔
این سی بی کا دعویٰ تھا کہ چھاپے کے دوران 13گرام کوکین،21 گرام چرس، ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں، ایم ڈی 5 گرام اور ایک لاکھ 33 ہزار روپے کی نقد رقم تحویل میں لی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آریان خان پر این سی بی نے منشیات کے استعمال کا الزام لگایا تھا ،جس سے پہلے شاہ رخ کے صاحبزادے نے انکار کیا اور بعدازاں اس کا اعتراف کرلیا۔
این سی بی کے چھاپے میں پکڑے گئے افراد میں آریان خان کے قریبی دوست ارباز مرچنٹ، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چھوکر اور گومیت چوپڑا و دیگر شامل ہیں۔