• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات کیس: بھارتی فلمساز امتیاز کھتری کے گھر اور آفس پر چھاپہ

ممبئی کروز شِپ منشیات برآمدگی کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے بھارتی فلمساز امتیاز کھتری کے گھر اور آفس پر چھاپہ مارا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع فلمساز امتیاز کھتری کے گھر اور دفتر پر کروز شِپ منشیات برآمدگی کیس کے سلسلے میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے چھاپہ مارا جس کیس میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان بھی گرفتار ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلمساز امتیاز کھتری کا نام اچت کمار سے پوچھ گچھ کے دوران سامنے آیا جنہیں رواں ہفتے منشیات کیس گرفتار کیا گیا تھا اور اُن کے پاس سے تھوڑی مقدار میں منشیات بھی برآمد ہوئی تھی۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ این سی بی کے چھاپے کے دوران فلمساز امتیاز کھتری کے گھر اور دفتر سے منشیات برآمد ہوئی ہے یا نہیں۔

ممبئی کروز شِپ منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار افراد کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ ممبئی کی مقامی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں آریان خان اور دیگر 2 افراد کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔

این سی بی نے گزشتہ اتوار کو کروز شپ پر ایک پارٹی کے دوران چھاپا مارکر آریان سمیت 18 افراد کو حراست میں لیا تھا۔

این سی بی کا دعویٰ تھا کہ چھاپے کے دوران 13گرام کوکین،21 گرام چرس، ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں، ایم ڈی 5 گرام اور ایک لاکھ 33 ہزار روپے کی نقد رقم تحویل میں لی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آریان خان پر این سی بی نے منشیات کے استعمال کا الزام لگایا تھا ،جس سے پہلے شاہ رخ کے صاحبزادے نے انکار کیا اور بعدازاں اس کا اعتراف کرلیا۔

این سی بی کے چھاپے میں پکڑے گئے افراد میں آریان خان کے قریبی دوست ارباز مرچنٹ، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چھوکر اور گومیت چوپڑا و دیگر شامل ہیں۔

تازہ ترین