وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے سوال پوچھ لیا۔
مولانا فضل الرحمٰن اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ملاقات اور میڈیا گفتگو پر فواد چوہدری نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اپنی سیاسی انا کی تسکین کے لئے ملک میں جاری جمہوری نظام سے نہ کھیلیں۔
فواد چوہدری نے پی ڈی ایم سربراہ سے استفسار کیا کہ وہ اپنی ایک پلیٹ حلوے کے لیے پوری دیگ کیوں الٹانا چاہتے ہیں؟
اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پارٹی میں نا انصافیوں کا غصہ غیر آئینی اور غیر جمہوری مطالبات کرکے نہ نکالیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ شہباز شریف پہلے طے کرلیں وہ پارٹی کے اندر ہیں یا بڑے میاں نے باہر کردیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن جماعت ن لیگ کی سیاست کو بڑے میاں اور ان کی صاحبزادی نے دفن کردیا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر یہ اقتدار میں ہوں تو حکومت آئینی مدت پوری کرے، عوام اگر اقتدار عمران خان کو دیں تو ان سے برداشت نہیں۔
انہوں نے اپوزیشن لیڈر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں مہنگائی ہے تو اس کی وجہ آپ کی اربوں کھربوں کی کرپشن ہے۔