• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت کی نااہلی نے عوام کی جانوں کو داؤ پر لگا دیا، حمزہ شہباز

مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے اپنی نااہلی اور تساہل کی بدولت عوام کی جان کو داؤ پر لگا دیا ہے، اسپتال ڈینگی مریضوں سے بھر چکے ہیں، پنجاب میں ڈینگی قیامت ڈھا رہا ہے ۔

ایک بیان میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ صوبے بھر سے 4 ہزار 494 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں سے 3 ہزار 437 کیسز صرف لاہور سے ہیں، رواں سال انسداد ڈینگی مہم کا حکم اس وقت جاری ہوا جب اموات ہونا شروع ہو گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی ہائی رسک علاقوں میں اسپرے نہ ہونے کے باعث لاروے کو پنپنے کا موقع ملا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ نااہلی کے سبب ڈینگی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ہی تباہی پھیلا رہا ہے جہاں پر تحریک انصاف کی حکومت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ اسپتال اس وقت قائم کیا گیا جب اسپتال مریضوں کو بیڈز کی کمی کے سبب لوٹانے لگے۔

تازہ ترین