پاکستان سمیت بھارت میں بھی یکساں مقبول گلوکار عاطف اسلم کے حوالے سے یہ خبریں زیرگردش ہیں کہ وہ پاکستان کے لیے ٹی 20 ورلڈ کپ کا ترانہ گائیں گے۔
سوشل میڈیا پر زیرگردش اطلاعات میں کہا جارہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے آفیشل گانا عاطف اسلم تیار کریں گے جس میں بابر اعظم سمیت دیگر قومی کھلاڑی بھی دکھائی دیں گے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ سجنے میں پانچ دن باقی رہ گئے ہیں،17 اکتوبر سے ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا۔
پہلے مرحلے میں 8 ٹیمیں گروپ میچز کھیلیں گی جس میں 4 ٹیمیں دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، 17 اکتوبر کو گروپ میچز کا پہلا میچ اومان اور پاپوا نیوگنی کے درمیان کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی انعامی رقم کا اعلان کردیا ہے، فاتح ٹیم کو 16 لاکھ ڈالرز ملیں گے، رنرز اپ 8 لاکھ جبکہ سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیمیں چار چار لاکھ ڈالرز کی حقدار ٹھہریں گی۔
ٹیموں کے گروپ میچز جیتنے کی رقم علیحدہ ہوگی، اگر پاکستانی ٹیم گروپ سے ناقابل شکست رہتے ہوئے ورلڈکپ جیتتی ہے تو وہ بتیس کروڑ روپے کمالے گی۔
ادھر پاکستان کرکٹ ٹیم کی تیاریاں جاری ہیں،پاکستانی اسکواڈ آج لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں سیناریو میچ کھیلے گا۔
قومی کرکٹرز کل آرام کریں گے جبکہ دوسرا سیناریو میچ جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، پاکستان اسکواڈ 15اکتوبر کو متحدہ عرب امارات روانہ ہو گا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہو گا، پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان اپنا دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا، قومی کھلاڑی اپنے تیسرے میچ میں 29 اکتوبر کو افغانستان کے مدِمقابل ہوں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 10 اور 11 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو ہو گا۔