نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین مارٹن گپٹل نے بھی دورہ پاکستان کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ پاکستان میں جلد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوگی۔
خیال رہے کہ 17 ستمبر کو راولپنڈی میں پہلے ون ڈے میچ سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر سیریز اچانک منسوخ کردی تھی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مارٹن گپٹل کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنا ہر ایک کے لیے مایوس کن تھا اور انہیں امید ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ جلد پاکستان میں واپس آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل ہم ایک اچھی سیریز کے منتظر تھے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا۔
مارٹن گپٹل کا کہنا تھاکہ پاکستان ٹیم متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز میں سخت حریف ثابت ہوگی اس لیے ہمیں مقابلےکے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اُترنا ہو گا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو رہا ہے اور پاکستان اور نیوزی لیند کے درمیان میچ 26 اکتوبرکو کھیلا جائے گا۔