• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم اور صفدر کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب کی درخواست دائر


قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ نون کی رہنما، سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔

نیب کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے ضمانت کا غلط استعمال کیا۔

نیب کی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مریم نواز نیب کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کی مرتکب ہوئیں، نیب لاہور میں طلبی پر نیب آفس پر حملہ بھی کیا گیا۔

نیب کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کا کنڈکٹ ان کے خلاف گواہان پر بھی دباؤ ڈالنے کا سبب بنا۔

نیب کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت نے مریم نواز کو 7 سال قید اور 2 ملین پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنائی، انہیں کوئی بھی عوامی عہدہ رکھنے کے لیے نااہل قرار دیا گیا۔

درخواست میں نیب کا کہنا ہے کہ 6 جولائی 2018ء کو سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل تاحال زیرِ التواء ہے، اپیل پر گزشتہ 8 سماعتوں میں 5 بار اپیل کنندگان نے التواء مانگا۔

نیب کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 19 ستمبر 2018ء کو سزا معطل کر کے ضمانت دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

تازہ ترین