• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کا مستقبل خطرے میں، نواز الدین صدیقی کو خدشہ

بھارت میں اوور دا ٹاپ (او ٹی ٹی) پلیٹ فارمز کی پہچان بننے والے اداکار نواز الدین صدیقی نے اس کے مستقبل پر گہری تشویش کا اظہار کردیا۔ 

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پیسوں کا خیال ذہن میں رکھ کر کام کرنے والے پروڈیوسرز کی او ٹی ٹی کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد اس کا مستقل خطرے میں ہے۔ 

واضح رہے کہ پہلے ’سیکرڈ گیمز‘ اور اب ’سیریس مین‘ سے نواز الدین صدیقی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کی ایک پہچان بنے۔ 

نواز الدین صدیقی کا ایسی پروڈیوسرز کے بارے میں کہنا تھا کہ ان لوگوں کو اچھے مواد کے بارے میں پتہ ہی نہیں ہے اور وہ بار بار ایک ہی فارمولا بیچ رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے پیسہ ذہن میں رکھ کر کام کرنے والے پروڈیوسرز اسٹریمنگ انڈسٹری کا کنٹرول حاصل نہ کرپائیں۔ 

بھارتی میڈیا آؤٹ لیٹ سے بات چیت کرتے ہوئے نواز الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے اچھا آغاز کیا، لیکن مسئلہ اس وقت پیدا ہوا جب سنیما انڈسٹری میں قدم جمائے ہوئے پروڈیوسرز نے یہاں انٹری کی، کیونکہ ان کے لیے یہ صرف کاروبار ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح نیٹ فلکس اور دیگر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز نے نئے ہدایتکاروں اور اداکاروں کو دنیا میں اپنی پہچان بنانے کا موقع دیا، میرے خیال میں نئے لوگوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ یہ سب جاری رہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اب جس طرح تمام چیزیں تبدیل ہورہی ہیں یہ بہت ہی خوفناک ہے، یہ بڑے پروڈیوسرز صرف بزنس کے بارے میں سوچ سکتے ہیں، ان کے پاس فن کا کوئی خیال موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے پروڈیوسرز کے پاس وہی پرانا فارمولا ہے جو وہ بیچ رہے ہیں جس میں ایک ہیرو، ایک ہیروئن جو دکھنے میں خوبصورت ہوں، اور فلم میں ایک ولن ہو جبکہ کہانی صرف دکھائی دیتی ہے۔ 

تازہ ترین